صبا فیصل کے لاتعلقی کے اعلان کے بعد بہو” نیہا” کی سوشل میڈیا پر پوسٹ

اپنی زندگی کا موازنہ ان کے ساتھ ہرگز نہ کریں جو حرام کے مزے لیتے ہیں،ہو سکتا ہے وہ آپ سے زیادہ کامیاب نظر آئیں یا آپ سے زیادہ مزے کر رہے ہوں گے لیکن اللہ کے سامنے وہ کچھ بھی نہیں ہیں اور اسی بات کی اہمیت ہے۔نیہا کی انسٹاگرام پر پوسٹ

اسلام آباد(شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ صبا فیصل کی جانب سے بیٹے اور بہو سے لاتعلقی کے اعلان کے بعد ان کی بہو نیہا نے بھی خاموشی توڑ دی۔صبا فیصل کی بہو نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی ساس اور نند کو بغیر نام لیے تنقید کا نشانہ بنایا۔نیہا سلیمان نے لکھا کہ اپنی زندگی کا موازنہ ان کے ساتھ ہرگز نہ کریں جو حرام کے مزے لیتے ہیں۔
ہو سکتا ہے وہ آپ سے زیادہ کامیاب نظر آئیں یا آپ سے زیادہ مزے کر رہے ہوں گے لیکن اللہ کے سامنے وہ کچھ بھی نہیں ہیں اور اسی بات کی اہمیت ہے، نیہا نے مزید لکھا کہ ہمیشہ صحیح راستے پر چلیں پھر چاہے کتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے یا پھر آپ خود کو غلط سمجھ رہے ہو تب بھی مضبوط رہیں اور حرام کے خلاف اپنا موقف واضح رکھیں، یہ دنیا فانی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جب نیہا کے بیان پر تنقید کی گئی تو انہوں نے کہا کہ میں نے یہ پیغام تمام مسلمانوں کے لئے شیئر کیا ہے اور حلال حرام کا ہم سب کو پتا ہے۔


جب ایک صارف نے کہا کہ آپ اپنی ساس کو ان کی زندگی انجوائے کرنے دیں اور اپنی زندگی بھی انجوائے کریں،اپنی ساس کی سرگرمیوں پر نظر مت رکھیں کیونکہ اب آپ اکیلی رہتی ہیں،آپ کے شوہر نہ جانے اس ڈرامے سے کیسے نپٹ رہے ہوں گے۔جس کے بعد نیہا نے ایک کمنٹ کیا کہ وہ اپنے سسرال سے الگ نہیں بلکہ وہی قیام پذیر ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ روز صبا فیصل نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ ‘میں نے اپنے گھر کے نجی معاملات کا یوں کبھی تذکرہ نہیں کیا لیکن اب مجبوراً کرنا پڑ رہا ہے، لوگ مجھے نیہا کی سوشل میڈیا پوسٹس پر گالیاں دے رہے ہیں۔
میں نے بہت ہی خوبصورت زندگی گزاری ہے ۔اداکارہ نے کہا کہ جب کسی خاندان میں نیہا جیسی منفی عورت آجاتی ہے تو گھر ٹوٹتے ہیں۔ انہوں نے کہا میں پچھلے چار سال سے بیٹے کی وجہ سے بہت مشکل زندگی گزار رہی ہوں۔ میں یہ ہی سوچتی رہی کہ بیٹا ایسی عورت کے ساتھ کیسے زندگی گزارے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں زیادہ تفصیل میں نہیں جاؤں گی لیکن آپ لوگ اس ویڈیو سے اندازہ لگاسکتے ہیں ۔
صبا فیصل نے بہو سے متعلق تبصرے پر ایک صارف کو بھی کھری کھری سناتے ہوے کہا بس اتنا کہوں گی کہ میرا نیہا سے کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے۔ بیٹے نے اسی کے ساتھ رہنا ہے اس لیے اس سے بھی میرا، میری بیٹی اور شوہر کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے ۔ صبا فیصل کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے سوشل میڈیا پیجز نے نیہا کی پوسٹس شیئر کیں لیکن میں اور میری بیٹی سعدیہ فیصلہ اسی لیے خاموش رہے کہ ہم کچھ بھی بولتے ہیں تو بات وائرل ہوجاتی ہے۔ اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر میں باتوں کی گہرائی میں گئی تو لوگ تھو تھو کریں گے، اسی لیے میں صرف یہ ہی کہہ رہی ہوں ۔