شعیب اختر نے مارک ووڈ کو دنیا کا تیز ترین باؤلر بننے کیلئے انوکھا مشورہ دے دیا

انگلش پیسر دنیا کا تیز ترین باؤلر بننا چاہتا ہے تو اسے پٹھوں کی نشوونما کیلئے ٹرکوں کو کھینچنے میں اتنی ہی محنت کرنی ہوگی جس طرح میں نے 2003ء میں 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بال کرنے سے پہلے کی تھی: سابق سپیڈ سٹار

لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ کے لیے 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنا ناممکن نہیں لیکن دنیا کا تیز ترین بولر بننے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔ راولپنڈی ایکسپریس نے 32 سالہ فاسٹ بولر کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مارک ووڈ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ 155 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ نہیں جا سکتے تو وہ بالکل غلط ہے۔
شعیب اختر نے مزید کہا کہ اگر انگلش فاسٹ بولر دنیا کا تیز ترین باؤلر بننا چاہتا ہے تو اسے پٹھوں کی نشوونما کے لیے ٹرکوں کو کھینچنے میں اتنی ہی محنت کرنی ہوگی جس طرح میں نے 2003ء میں 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بال کرنے سے پہلے کی تھی۔
شعیب اختر نے مزید کہا کہ ’میں نے 26 گز کے قریب پچ بنائی۔ میں نے ایک گیند کو معمول سے تقریباً چار گنا زیادہ بھاری بنایا۔

میں نے بہت زیادہ وزن اٹھایا اور سائیکل پر وزن رکھ کر چلائی، میں نے تقریباً 1000 ریپس بھی کیے۔ واضح رہے کہ مارک ووک انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے اور کل سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ان کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے۔ مارک ووڈ کو انگلینڈ کے لیے ایک اہم تیز گیند باز سمجھا جاتا ہے لیکن بار بار ہونے والی انجری انھیں پلیئنگ الیون سے باہر رکھتی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں اپنے رن اپ کو مختصر کرنے اور رفتار پیدا کرنے کے لیے سخت محنت کی۔