حکمرانوں کو سمجھ نہیں آ رہی کہ الیکشن سے کیسے جان چھڑائی جائے،شیخ رشید

چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی دوبارہ ایک ہو چکے ہیں،تحریک عدم اعتماد اور گورنر راج نہیں اسمبلیاں تحلیل ہوں گی،سربراہ عوامی مسلم لیگ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ الیکشن سے کیسے جان چھڑائی جائے،مولانا فضل الرحمان فرسٹریشن میں خواتین کے خلاف بیہودہ بیان دے رہے ہیں۔ شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو ورلڈ ٹور پر ہیں،چوہدری شجاعت اور وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی دوبارہ ایک ہوچکے ہیں،اس لئے تحریک عدم اعتماد اور گورنر راج نہیں بلکہ اسمبلیاں تحلیل ہوں گی۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کو سینٹورس مال سمجھنے والے الیکشن کیلئے تیار ہو جائیں۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ارشد شریف پرزندگی میں 16 ایف آئی آر ہوئیں،شہادت پر 44 دن کے بعد ایف آئی آر درج ہوئی وہ بھی ماں کی مدعیت میں نہیں بلکہ قابل احترام سعودی سفیر کو سمجھ ہے۔
سیاسی استحکام پاکستان کی ضرورت ہے۔شہباز شریف اورمولانا فضل الرحمان کو یہ بات سمجھ نہیں آرہی،روسی تیل گندم کی درآمد سوالیہ نشان ہیں،نواز شریف جلدی کر لے الیکشن قبل از وقت ہیں۔


قبل ازیں سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل دونوں نا اہل ثابت ہوئے اور نا اہلی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔اسحاق ڈار کے ساتھ مولانا فضل الرحمان بھی آئی ایم ایف کو آنکھیں دکھانے لگے ہیں۔عمران خان مطمئن ہیں اور الیکشن منوا کر رہیں گے۔اسمبلیوں کی تحلیل بھی الیکشن کے اعلان کے انتظارمیں 30 دسمبرتک لے کر گئے ہیں،کاروبار تو بند ہی تھا انتقام میں سینٹورس مال بھی بند کرا دیا۔
انہوں نے کہا کہ فیصلوں میں تاخیر حالات کو مزید سنگین بنا دیں گے،حکومت کا پاؤں معاشی بارودی سرنگوں پر ہے۔ سیاسی معاشی عدم استحکام کا حل الیکشن ہیں،حکومت الیکشن میں جتنی دیر کرے گی اپنے لیے سیاسی قبر کھو دے گی،نوازشریف کو بھی بلا لیں ان کی سیاسی گاڑی چھوٹ چکی ہے۔