آصف زرداری، اسحاق ڈار اور دیگر جلد ملک سے فرار ہوجائیں گے

حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، ان سے ملک نہیں چل رہا، ملک میں سب سے بڑا چیلنج معیشت ہے، الیکشن کے علاوہ کوئی نظام استحکام نہیں لاسکتا۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری کی میڈیا سے گفتگو

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہےکہ آصف زرداری، اسحاق ڈار اور دیگر جلد ملک سے فرار ہوجائیں گے، حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، ان سے ملک نہیں چل رہا، ملک میں سب سے بڑا چیلنج معیشت ہے، الیکشن کے علاوہ کوئی نظام استحکام نہیں لاسکتا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ ہماری اتحادی ہے اور رہے گی، اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق پرویزالہٰی سے بات چیت کی گئی، پرویزالہیٰ نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ عمران خان کا ہے، پرویزالہٰی نے کہا کہ عمران خان جب کہیں گے اسمبلی تحلیل کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج لاہور سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی عمران خان سے ملاقات ہوئی، کل اہم سینئر قیادت کا اجلاس ہوگا، کوشش ہے ہرمعاملے میں مشاورت سے آگے بڑھیں، ہماری خواہش ہےکہ 20 مارچ سے پہلے ہی الیکشن کا عمل مکمل ہو جائے،پارٹی میں رائے اور تاریخ پر اختلاف ہو سکتا ہے اسمبلیاں توڑنے پر نہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ چاہتے ہیں فوج اور عدلیہ کے ساتھ تلخیاں کم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں عمران خان کو نااہل قراردینے کیلئے الیکشن کمیشن نے کارروائی شروع کی ہے، چاہتے ہیں پاکستان کو آئین کے مطابق چلایا جائے، اس وقت ملک میں سب سے بڑا چیلنج معیشت ہے، ہم انتخابات کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، الیکشن کے علاوہ ملک میں کوئی نظام استحکام نہیں لاسکتا، حکومت غیر مؤثر ہوتی جا رہی ہے، ملک میں خلاء پیدا نہیں ہونا چاہئے، حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، ان سے ملک نہیں چلتا، انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے، آصف زرداری، اسحاق ڈار اور دیگر جلد ملک سے فرار ہوجائیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ شہبازشریف کل جمہوریت پر لیکچر دے رہے تھے، اس وقت عالمی مارکیٹ میں تیل کم ترین سطح پر ہے، اس وقت ہمیں گیس کی ضرورت ہے جس کیلئے کوئی پالیسی نہیں ہے، وفاق اس وقت خیبر پختونخوا کا 120 اور پنجاب کا 176 ارب روپے کا مقروض ہے۔