چاول کی برآمدات میں 4 ماہ کے دوران 9 فیصد کمی

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ملک سے چاول کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر9 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے اکتوبر تک کی مدت میں چاول کی کی برآمدات سے ملک کو545.70 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چاول کی برآمدات کاحجم594.60 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ملک سے 936360 میٹرک ٹن چاول کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.091 ملین ٹن تھیں۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں باسمتی چاول کی برآمدات کاحجم 173684 میٹرک ٹن ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 229791 میٹرک ٹن تھی۔