’ارب پتی‘ پی سی بی نے غریب کرکٹرز کو معاوضوں کیلئے رلا دیا

مالی حالت بہتر بنانے کے بلند و بانگ دعوے کرنے کے بعد 5 ماہ سے ماہانہ معاوضہ نہ ہی کوئی میچ فیس ادا کی، قائد اعظم ٹرافی ختم ہونے کے بعد معاہدے دستخط کیلئے بھیجے گئے

لاہور (نیوز ڈیسک) ارب پتی پی سی بی نے غریب کرکٹرز کو معاوضوں کیلیے رلا دیا جب کہ مالی حالت بہتر بنانے کیلیے بلند و بانگ دعوے کرنے کے بعد 5 ماہ سے ماہانہ معاوضہ نہ ہی کوئی میچ فیس ادا کی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابقہ دور میں ڈومیسٹک کرکٹ نظام تبدیل ہونے سے سیکڑوں کرکٹرز بے روزگار ہوئے، ڈپارٹمنٹس کی بندش سے ان کی آمدنی کا بڑا ذریعہ ختم ہو گیا، گوکہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کا اعلان کیا تھا مگر اس حوالے سے کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔

بورڈ کی موجودہ انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے اور آمدنی میں اضافے کے بلند وبانگ دعوے کیے مگر تاحال کوئی بہتری نظر نہیں آئی۔ ذرائع نے بتایا کہ جولائی کے بعد سے اب تک ڈومیسٹک کرکٹرز کو ماہانہ معاوضہ نہ ہی کوئی میچ فیس ادا کی گئی ہے، یہ پانچواں مہینہ ہے جب وہ چیک کی راہ دیکھ رہے ہیں، ملازمتوں سے محروم کھلاڑیوں کیلیے اپنے گھروں کے چولہے جلائے رکھنا دشوار ہوتا جا رہا ہے، قومی ٹی ٹونٹی کپ کا فائنل ہوئے ڈھائی ماہ گذر چکے اس کی انعامی رقم بھی ادا نہیں کی گئی۔

سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس ارسال کیے گئے۔