مریم نواز کا عمران خان کی نئے آرمی چیف کو قائداعظم کے فرمان کے ساتھ نصیحت کرنے پر ردعمل

آپ کی یادداشت 2018 تک نہیں جاتی؟ جب چند افسران کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف سازش کی،عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا،ان افسران کو متنازعہ بنایا اور ان کے مستقبل تباہ کیے؟ آپ کی سیاست،آپ کے ہاتھ آنکھیں اور کانوں کی رخصتی کے ساتھ دفن ہو گئی۔مریم نواز

اسلام آباد( ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کی سربراہ مریم نواز نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے نئے آرمی چیف کو کی گئی نصیحت پر ردعمل دیا۔ عمران خان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کوعہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور ریاست کے درمیان پچھلے 8 ماہ سے اعتماد کا فقدان ہے۔
امید ہے نئی لیڈر شپ ریاست اور قوم میں اعتماد کے فقدان کو ختم کرے گی۔عمران خان نے مزید کہا کہ ریاست کی طاقت عوام ہی کی وجہ سے ہے۔ عمران خان نے قائداعظم محمد علی جناح کا فرمان بھی شئیر کیا جس میں کہا گیا کہ ’ مت بھولو کہ مسلح افواج لوگوں کی خادم ہیں اور آپ قومی پالیسی نہیں بناتے، یہ فیصلے ہم سویلینز کرتے ہیں اور یہ آپ کا فرض ہے کہ اپنے ذمے لگائے گیے کام کی بجا آوری کریں‘۔

قائداعظم محمد علی جناح کی نصیحت کے ساتھ عمران خان نے نئے آرمی چیف کو مبارکباد دی۔جس پر مریم نواز نے ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں کہا کہ آپ کی یادداشت 2018 تک نہیں جاتی؟ جب آپ نے چند افسران کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف سازش کی،عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا،ان افسران کو متنازعہ بنایا اور انکےمستقبل تباہ کیے؟ مریم نواز نے مزید کہا کہ قائد اعظم کا یہ فرمان اس وقت یاد نہیں آیا؟ آپ کی سیاست آپ کے ہاتھ آنکھیں اور کانوں کی رخصتی کے ساتھ دفن ہو گئی۔


خیال رہے کہ گذشتہ روز جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے 17 ویں آرمی چیف کی کمان سنبھال لی ،جنرل قمر جاوید باجوہ نے چھڑی جنرل سید عاصم منیر کو سونپ دی ۔ تقریب آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں منقعد ہوئی۔ نئے آرمی چیف کیلئے کمان کی تبدیلی کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سونپ دی گئی۔