آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس،عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 13 دسمبر تک توسیع

احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کر لیا،عثمان بزدار پر کیا الزامات ہیں؟عدالت کا استفسار

لاہور (نیوز ڈیسک) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 13 دسمبر تک توسیع کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عثمان بزدار کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی،عثمان بزدار وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ نیب کا جواب کہاں ہے؟نیب کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ تفتیشی افسر فائل لیکر آ رہا ہے کچھ دیر میں پہنچ جائے گا۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ نیب کے تفتیشی افسر وقت پر کیوں نہیں آتے،جج احتساب عدالت نے ریمارکس دئیے کہ میں وارننگ دوں گا اور اس کے بعد ڈی جی نیب کو لکھوں گا۔جج نے استفسار کیا کہ عثمان بزدار پر کیا الزامات ہیں؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کی گئی،عثمان بزدار کو کیس میں بلایا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔
شراب لائسنس کیس میں سابق وزیر اعلٰی پنجاب کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے۔احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 13 دسمبر تک توسیع کر دی،عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔ قبل ازیں نیب نے عثمان بزدار کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق کیس میں رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائی۔
نیب کے مطابق عثمان بزدار کیخلاف انکوائری قانون کے مطابق شروع ہوئی اور سابق وزیر اعلٰی کیخلاف انکوائری کے دوران نئی شکایت آئیں۔ قانون کے مطابق تحقیقاتی ادارے کے پاس تفتیش کرنے کا اختیار ہے،عثمان بزدار کو بھی انکوائری میں طلبی کے متعدد نوٹسز جاری کئے گئے۔نیب نے عثمان بزدار کو شراب کے لائسنس کے اجرا میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں دی گئی ضمانت کیخلاف درخواست بھی دائر کی۔