دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی قوم جب فیصلہ کرتی ہے تو منزل پا لیتی ہے

اسلام آباد۔(جنرل رپورٹر) :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں ایک قوم اور ایک سوچ کو لیکر آگے بڑھنا ہو گا، مشکلات اور چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا، خواب اور منزل ایک ہو کر ہی حاصل کر سکتے ہیں، دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی قوم جب فیصلہ کرتی ہے تو منزل پا لیتی ہے، ہم نے بحیثیت قوم مل کر دہشتگردی کو شکست دی، آج پاکستان پر امن ملک بن چکا اور ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے، اسی طرح کورونا اور مہنگائی کے چیلنج پر بھی قابو پا لیں گے، مسئلہ کشمیر پر پوری قوم میں کل بھی یکسوئی تھی، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی، کشمیریوں کی قربانیوں اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی حق خود ارادیت کی تحریک ایک دن ضرور کامیاب ہو گی۔منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے آباﺅ اجداد 1940ئ میں ہماری منزل کا تعین کر چکے ہیں اور مل کر ہی ان کے خوابوں کی تعبیر حاصل کی جا سکتی ہے، سیاسی اختلافات کے باوجود ہمارے دل کی دھڑکن اور سوچ ایک ہے، ہمیں اپنے دوستوں اور دشمنوں کی پہچان ہے اور ہم ایک ہو کر ہی اپنی منزل تک پہنچیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی قوم جب فیصلہ کرتی ہے تو منزل پالیتی ہے، کون نہیں جانتا کہ دہشتگردی کتنا بڑا چیلنج تھا، کون نہیں جانتا کہ پاکستان کے خلاف کتنی سازشیں کی گئیں لیکن جب ہم نیشنل ایکشن پلان پر متفق ہوئے تو پوری قوم نے مسلح افواج پاکستان اور اداروں کے ساتھ مل کر دہشتگردی کو شکست دی، آج ہمارا ملک پر امن ہے اور اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے چیلنج سے پور دنیا نبردآزما ہے، امریکہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کی بہ نسبت پاکستان نے مربوط حکمت عملی اور بہتر کوآرڈینیشن سے چیلنج کا مقابلہ کیا اور کم نقصان اٹھایا، چیلنج اب بھی موجود ہے تاہم اس جنگ میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمیں معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور ہمییں مشکل معاشی حالات ورثے میں ملے، معاشی مشکلات سے نکلنے کیلئے ہمیں سخت فیصلے بھی کرنے پڑے تاہم اب عوام کو اس کے ثمرات نظر آئیں گے، ملک میں سرمایہ کاری بڑھے گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ہم مہنگائی کو بھی شکست دے کر عوام کیلئے خوشیاں سمیٹ کر لائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپر پوری قوم میں اتفاق ہے، سیاسی اختلافات کے باوجود کشمیر پر کل بھی یکسوئی تھی، ہے اور آئندہ بھی رہے گی، کشمیریوں کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ ہمت نہیں ہارنی ہم ان کی عظمت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ حق اور سچ پر ہیں اور ان کی حق خودارادیت کی تحریک ایک دن ضرور رنگ لائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بچپن میں بڑے شوق سے ٹی وی پریڈ دیکھتے تھے، اب کئی مرتبہ خود جا کر پریڈ دیکھنے کا موقع ملا، موسم سازگار رہا تو یوم پاکستان پریڈ 25 مارچ کو ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں