چین: کورونا پابندیوں کیخلاف مسلسل احتجاج کے باعث سٹاک مارکیٹ میں مندی

بیجنگ: (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں کورونا پابندیوں کیخلاف احتجاج کئی شہروں تک پھیل گیا، بعض شہروں میں پابندیاں نرم کر دی گئی ہیں جبکہ احتجاج کے پیش نظر چینی سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔

چین میں کورونا پابندیوں کیخلاف شہریوں کے مسلسل احتجاج کے دوران کئی شہروں میں لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی۔ مسلسل احتجاج اور پابندیوں کے پیش نظر چینی اسٹاک مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ چین میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں جبکہ مظاہروں کے بعد چینی حکومت سرمایہ کاروں کے خدشات دور کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں مندی کے ساتھ ساتھ ڈالر کے مقابلے میں یوآن کی قیمت میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے۔

دوسری جانب چینی حکام نے سنکیانگ کی عمارت میں آگ لگنے کے بعد دارالحکومت ارومچی میں بعض پابندیوں میں نرمی کر دی ،شہری آج سے بسوں پر سفر کرسکیں گے، تاہم کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے درخواست دینا پڑے گی۔