سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی والدہ انتقال کر گئیں

پیاری ماں ہمیں چھوڑ کر چلی گئی ہیں، انکا بستر پر ایک لمبا اور دکھی وقت گزرا‘بشریٰ انصاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ، گلوکارہ اور میزبان بشریٰ انصاری کی والدہ محمودہ خانم انتقال کر گئیں۔بشریٰ انصاری نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر افسوسناک خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔اداکارہ بشری انصاری اور اداکارہ اسما ء عباس کی والدہ طویل عرصے سے علیل تھیں۔بشریٰ انصاری نے یہ افسوس ناک خبر شیئر کرتے ہوئے پوسٹ کے کیپشن میں مداحوں کو بتایا کہ میری پیاری ماں محمودہ خانم ابھی ہمیں چھوڑ کر چلی گئی ہیں، ان کا بستر پر ایک لمبا اور دکھی وقت گزرا، میری والدہ میری پیاری بہن سنبل سے ملیں گی، الوداع میری پیاری امی جان۔

واضح رہے کہ بشری انصاری کی بہن سنبل شاہد گزشتہ سال کورونا سے انتقال کرگئی تھیں۔


ایک اور پوسٹ میں بشریٰ نے والدہ اور بہن کی ایک یادگار ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میری پیاری ماں اور خوبصورت بہن سنبل شاہد، اللہ کے گھر ایک ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال 2022ء جولائی کو لاہور میں مقیم بشریٰ انصاری کی والدہ کو شدید علالت کے باعث انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو)میں منتقل کیا گیا تھا۔اداکارہ نے لاہور روانگی کے لیے جہاز میں بیٹھے ہوئے تصویرشیئر کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ میں لاہور جا رہی ہوں، امی آئی سی یو میں ہیں، اللہ خیر، پیاری ماں۔