فیصل آباد میں ٹک ٹاکر نوجوان نایاب کا قاتل حقیقی بھائی نکلا

ملزم چھوٹے بھائی کے سوشل میڈیا پر زیادہ مقبول ہونے کے حسد میں مبتلا تھا، ملزم نے فالورز زیادہ ہونے کی رنجش پر چھوٹے بھائی کو چھریوں کے وار کرکے قتل کر دیا

فیصل آباد ( کرائم ڈیسک) فیصل آباد میں ٹک ٹاکر نوجوان نایاب کا قاتل حقیقی بھائی نکلا، تیمور نے فالورز زیادہ ہونے کی رنجش پر چھوٹے بھائی کو قتل کر دیا۔فیصل آباد کے علاقے ملت ٹاؤن میں 11 نومبر کو نایاب نامی ٹک ٹاکر کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ نایاب کے قتل کی اطلاع پولیس کو دینے والا اس کا اپنا بھائی تھا۔ایس ایس پی آپریشن عبداللہ کے مطابق مقتول کو جب شاملِ تفتیش کیا گیا تو اس نے انکشاف کیا کہ نایاب اور وہ ٹک ٹاک پر ویڈیوز اپ لوڈ کرتے تھے لیکن نایاب سوشل میڈیا ایپ پر زیادہ مقبول تھا، بھائی سے حسد کا شکار ہو کر چھریوں کے وار کرکے چھوٹے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ملزم نے تفتیش کے دوران اعترافِ جرم کر لیا۔ٹک ٹاک بنانے کے شوقین افراد اکثر مختلف جرائم میں ملوث پائے جاتے ہیں۔
ماہر نفسیات کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے بے جا استعمال نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔سوشل میڈیا ایپس کی وجہ سے نوجوان ذہنی طور پر بیمار ہو رہے ہیں اور بعض اوقات جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں،فالورز بڑھانے کے شوق میں کسی بھی حد تک چلے جاتے ہیں۔

اس سے قبل ٹک ٹاک کا شوقین اہلکار خواتین کی ویڈیوز بناتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ لاہور میں خواتین کی ویڈیوز بنا کر ٹک ٹاک ایپ پر اپلوڈ کرنے والے اہلکار کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا تھا۔عمران نامی ٹریفک پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی لڑکیوں کی ویڈیوز بنا بنا کر اپنے ٹک ٹاک اکاونٹ پر شئیر کر تاتھا ۔ سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ مذکورہ اہلکار کی حرکات دیکھ کر ادارے کو نوٹس لینا چاہیے۔پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی او لاہور نے ٹریفک اسسٹنٹ کو سڑک سے گزرتی خواتین کی ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پر لگانے پر فوری معطل کر کے انکوائری کا آغاز کردیا،بعدازاں اسے نوکری سے بھی برخاست کر دیا۔