معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

کراچی:(نیوز ڈیسک) معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق معروف مزاحیہ اداکار اسماعیل تارا کی نماز جنازہ میمن جامع مسجد بہادرآباد (پہاڑی والی) میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں صوبائی وزیر محنت قوت سعید غنی اور صدر آرٹس کونسل احمد شاہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان کے معروف اداکار اسماعیل تارا انتقال کر گئے

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹی وی ڈراموں کے معروف اداکار اسماعیل تارا خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ اسماعیل تارا کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، اداکار نے متعدد ڈراموں، فلموں اور تھیٹر میں لازوال کرداروں سے اپنا نام بنایا۔ اداکار کے معروف ترین کامیڈی شوز میں ‘ففٹی ففٹی’ سب سے نمایاں ہے، انہیں بہترین کامیڈین کے متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

اسماعیل تارا تین روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، ان کے گردے فیل ہوگئے تھے اور ان کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

اسماعیل تارا کی اداکاری کی دنیا میں وجہ شہرت پی ٹی وی کے مزاحیہ خاکوں پر مبنی سلسلہ ففٹی ففٹی ہے جس میں انہوں نے اداکاری کے علاوہ بعض خاکے بھی لکھے، اس ڈرامے میں انہوں نے مزاحیہ اداکار ماجد جہانگیر کے ساتھ مل کر بہاری لہجے میں منوا اور ببوا کے لازوال کردار تخلیق کیے۔

وزیراعظم کا اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر افسوس کا اظہار

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے مرحوم اسماعیل تارا کی بلندی درجات کے لیے دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ مرحوم اسماعیل تارا مزاحیہ اداکاری میں منفرد مقام رکھتے تھے، اسماعیل تارا نے پاکستان میں مزاح کو آرٹ کی ایک صنف کے طور پر مقبول کرنے میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے ناظرین کے ذہنوں پر انکی اداکاری کے ان مٹ نقوش ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام ففٹی ففٹی میں ان کی اداکاری یادگار رہے گی، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا اسماعیل تارا کی وفات پر اظہار افسوس

پاکستانی کامیڈی کی تاریخ اسماعیل تارا کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی‘وزیر اعلیٰ

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے معروف اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل تارا مرحوم کا مقبول ترین ٹی وی ڈرامہ ’’ففٹی ففٹی ‘‘آج بھی پرستاروں کو یاد ہے، اسماعیل تارا نے منفرد اداکاری سے ففٹی ففٹی کو امر کیا۔اسماعیل تارا مرحوم اپنے فن میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔پاکستانی کامیڈی کی تاریخ اسماعیل تارا کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں