وزیر دفاع نے سمری پر صدر کے دستخط خوش آئند قرار دے دیے

سمری پر دستخط سے ملک میں ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ہوگا‘ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے‘ جنرل قمرجاوید باجوہ کاپیغام نیک شگون ہے۔ خواجہ محمد آصف کا بیان

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کی سمری پر صدر مملکت کے دستخط خوش آئند قرار دے دیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھیجی گئی ایڈوائس پر صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ صدر نے سمری پر دستخط کردیئے جو خوش آئند ہے، تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے، جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام نیک شگون ہے، سمری پر دستخط سے ملک میں ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ہو گا۔
بتاتے چلیں کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کی سمری پر دستخط کردیے، جس کے بعد جنرل عاصم منیر آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ہوں گے، اس ضمن میں نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری ایوان صدر کو موصول ہوئی، صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے سمری کی منظوری دی گئی، صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر سمری کی منظوری دی، صدر مملکت کی منظوری کے بعد جنرل سید عاصم منیر کے آرمی چیف تعینات ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا جب کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔
اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج لاہور بھی پہنچے، جہاں صدر عارف علوی نے زمان پارک میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں اہم تعیناتی کا معاملہ زیر غور آیا، صدر نے وزیراعظم ہاؤس سے منظور ہونے والی سمری سے متعلق عمران خان کو اعتماد میں لیا۔ دنیا نیوز کے مطابق عمران خان نے صدر مملکت کو کہا کہ ہماری کسی ادارے سے جنگ نہیں، آئین و قانون کے مطابق سمری دیکھیں، ہم نے آئین اور قانون کی پاسداری کرنی ہے، آئین اور قانون کے مطابق جو بنتا ہے سمری اس کے مطابق دیکھیں،اگر درست ہے تو سمری نکال دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں