عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 10 ماہ کی کم ترین سطح تک گر گئیں

برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 82 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 75 ڈالرز فی بیرل ہو گئیں، قیمتوں میں مزید کمی کا امکان

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 10 ماہ کی کم ترین سطح تک گر گئیں، برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 82 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 75 ڈالرز فی بیرل ہو گئیں، قیمتوں میں مزید کمی کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور اوپیک کے دیگر ممالک کی جانب سے تیل کی پیدوار میں اضافہ کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ چین میں کرونا کیسز میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اس کے علاوہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکا میں کساد بازاری کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں اوپیک ممالک کا اجلاس شیڈول ہے، جس میں ممکنہ طور پر تیل کی یومیہ پیدوار میں 5 لاکھ بیرل اضافہ کیے جانے کی توقع ہے۔
ان تمام عوام کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، مارکیٹ میں تیل کی قیمت 10 ماہ کی کم ترین سطح تک آ چکیں۔ عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل 82 ڈالرز فی بیرل، امریکی خام تیل 75 ڈالرز فی بیرل جبکہ گیس کی قیمت 6 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو پر ٹریڈ ہو رہی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل بڑے اتار چڑھاو کا شکار رہی ہیں، کچھ ہفتے قبل تک تیل کی قیمتیں 80 ڈالرز کی سطح تک گر جانے کے بعد دوبارہ 100 ڈالرز کی سطح تک پہنچ گئی تھیں۔
عالمی معیشت میں سست روی کے باعث طلب میں کمی ہونے پر تیل کی قیمتوں میں جب کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا تو عین اسی وقت اوپیک ممالک نے بھی تیل کی پیداوار میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کر دیا جو تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کی وجہ بنا۔ اس موقع پر امریکا کی جانب سے تیل کی پیدوار میں اضافہ نہ کرنے پر فیصلے پر سعودی عرب کیخلاف شدید ردعمل بھی دیا گیا، تاہم سعودی حکومت نے اپنے فیصلے پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا، جس کے باعث مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گزشتہ چند ہفتوں سے مسلسل بلند سطح پر رہ رہی تھیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں