امریکی سپیکر نینسی پیلوسی کا عہدے سے دستبرداری کا اعلان

واشنگٹن: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) تقریباً دو دہائیوں تک امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی قیادت کرنے والی نینسی پیلوسی نے اپنے عہدے سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔ خیال رہے کہ 82 سالہ نینسی کانگریس میں سب سے طاقتور ڈیموکریٹ اور ایوان نمائندگان کی سپیکر کے طور پر کام کرنے والی پہلی خاتون سیاستدان ہیں۔ تاہم اپنے اعلان میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ کانگریس کے ایوان زیریں میں اپنے انتخابی حلقے کیلیفورنیا کی نمائندگی جاری رکھیں گی۔

نینسی پیلوسی کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب وسط مدتی انتخابات کے بعد ریپبلکنز کے ایوان کا کنٹرول واپس لینے کا امکان ہے۔ریپبلکن کیون میکارتھی نے نئی کانگریس میں سپیکر کے لیے پارٹی کی نامزدگی جیت لی ہے اور امکان ہے کہ وہ پیلوسی کی جگہ لیں گے۔

پیلوسی نے جمعرات کو چیمبر میں ایک بیان میں کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ کسی دن میں ہوم میکر سے ہاؤس سپیکر تک جاؤں گی، میں اگلی کانگریس میں ڈیموکریٹک قیادت کے لیے دوبارہ انتخاب کی کوشش نہیں کروں گی، ایک نئی نسل کے لیے ڈیموکریٹک کاکس کی قیادت کرنے کا وقت آگیا ہے۔

پیلوسی جنوری تک سپیکر کے طور پر کام کریں گی جب تک نئی کانگریس اقتدار سنبھالے گی اور وہ اپنی ایوان کی نشست پر جنوری 2025 تک برقرار رہیں گی جس پر انہوں نے پہلی بار 1987 میں کام شروع کیا تھا۔ نیویارک کے کانگریس مین حکیم جیفریز سے بڑے پیمانے پر توقع کی جاتی ہے کہ وہ ایوان میں اعلیٰ ڈیموکریٹک قیادت کا عہدہ سنبھالیں گے، جس سے وہ امریکی تاریخ کے پہلے سیاہ فام کانگریسی رہنما بن جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں