لاہور،معروف کامیڈین طارق ٹیڈی انتقال کر گئے

طارق ٹیڈی ہنسنے کے لیے پیدا ہوئے تھے،آخری دنوں میں بھی جگتیں لگا رہے تھے

طارق ٹیڈی کو معلوم تھا اب ان کا وقت قریب ہے،کہا کہ میرے نام پر امداد نہ مانگیں، بےشک میرے گھر کی کوئی چیز بیچ دیں،صرف بیٹے کے بارے میں فکر مند تھے، حکومت پنجاب سے درخواست ہے طارق ٹیڈی کے بیٹے کیلیے نوکری کا انتظام کیا جائے تاکہ ان کے گھر کا سلسلہ چلتا رہے۔قریبی دوستوں قیصر پیا اور نواز انجم کی میڈیا سے گفتگو

لاہور (شوبز ڈیسک) جگرکے عارضہ میں مبتلا معروف کامیڈین اور تھیٹر کے اداکار طارق ٹیڈی مختصر علالت کے بعد ہفتہ کے روزانتقال کرگئے ۔ طارق ٹیڈی کے بیٹے جنید کے مطابق ان کے والد طارق ٹیڈی کو سانس اور جگر کا عارضہ لاحق تھا۔ وہ پہلے نجی اسپتال میں داخل رہے مگر جگر کے مرض کے شدت اختیار کرنے کے بعد انہیں بیس روز قبل پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ( پی کے ایل آئی) میں داخل کرادیاگیا۔
طارق ٹیڈی کے قریبی دوست قیصر پیا نے گفتگو میں کہا کہ طارق ٹیڈی کے انتقال کے بعد لفظ ’ہسنا ‘ بھی برا لگ رہا ہے۔طارق ٹیڈی کے جدا ہونے کا دکھ لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے جو کام کیا وہ کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔طارق ٹیڈی اچھے فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ بہت اچھے انسان تھے۔ کسی بھی فنکار کو کوئی مشکل درپیش آتی تو آگے آگے ہوتے تھے۔

طارق ٹیڈی سے دو دن قبل ملاقات ہوئی تو بیماری کی حالت میں بھی جگتیں لگا رہے تھے۔ان کے منہ سے خون نکل رہا تھا، انہیں معلوم تھا کہ وہ اب جانے والے ہیں۔طارق ٹیڈی نےمجھے کہا کہ میرے نام پر امداد نہ مانگیں، بےشک میرے گھر کی کوئی چیز بیچ دیں۔دوسری بات انہوں نے مجھے یہ کہا کہ میرے بیٹے کا خیال رکھنا تاہم میں نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ آپ جلد صحت یاب ہوں گے۔
قیصر پیا نے مزید بتایا کہ طارق ٹیڈی سکرین سے زیادہ سکرین کے پیچھے مذاق کیا کرتے تھے۔ان کی ہر وقت مزاح کی عادت تھی۔طارق ٹیڈی ہسنے کے لیے پیدا ہوئے تھے لیکن ان کی زندگی میں کچھ ایسے مسائل ہوئے کہ وہ پریشان تھے۔قیصر پیا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کا نام ’پیا‘ بھی طارق ٹیڈی نے رکھا تھا،انہوں نے 20 سال قبل کہا تھا کہ تمہارا نام ایسا رکھا ہے کہ دشمن بھی تمہیں پیا پکاریں گے۔
طارق ٹیڈی کے ایک اور قریبی دوست نواز انجم نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طارق ٹیڈی کا خلا پُر نہیں ہو سکتا۔ایک فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ بہت اچھے انسان تھے۔تمام ساتھیوں کے دکھ درد کے ساتھی تھے۔طارق ٹیڈی کے ساتھ دنیا گھوما، مجھ پر بھی ان کے کئی ایسے احسانات تھے جس کا بدلہ نہیں چکا سکتا۔انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ طارق ٹیڈی کے بیٹے کے لیے نوکری کا انتظام کیا جائے تاکہ ان کے گھر کا سلسلہ چلتا رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں