فیفا کے صدر کی ورلڈ کپ کیلئے 1 ماہ تک روس یوکرین جنگ روکنے کی اپیل

کچھ ایسے انسانی کوریڈور کھولے جائیں جس سے مذاکرات کا دروازہ کھلے، فٹبال کا کھیل عالمی مسائل حل نہیں کر سکتا تاہم کھیل ایک دوسرے کو قریب لاتے ہیں ،ہمیں اس عالمی مقابلے کو ایک موقع دینا چاہیے : گیانی انفینٹینو

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک ) فیفا ورلڈ کپ قطر میں شروع ہونے جا رہا ہے اور فٹ بال کے اس عالمی معرکے سے قبل فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے 1 ماہ کے لیے روس یوکرین جنگ روکنے کی درخواست کر دی ہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق گیانی انفینٹینو نے یہ درخواست بالی میں ہونے والی جی 20 ممالک کی سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ ہوتے ہیں، چنانچہ فیفا ورلڈ کپ کے دوران روس اور یوکرین جنگ روک دینی چاہیے۔

گیانی انفینٹینو کا کہنا تھا کہ ”میں درخواست کرتا ہوں کہ ورلڈ کپ کے دوران 1 ماہ کے لیے عارضی طور پر سیز فائر کرنے پر غور کیا جائے۔ کچھ ایسے انسانی کوریڈور کھولے جائیں یا کچھ بھی کیا جائے جس سے مذاکرات کا دروازہ کھلے۔ ہم جانتے ہیں کہ فٹ بال کا کھیل عالمی مسائل کو حل نہیں کر سکتا تاہم کھیل ایک دوسرے کو قریب لاتے ہیں اور ہمیں اس عالمی مقابلے کو ایک موقع دینا چاہیے۔“ واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 20 نومبر سے شروع ہونے جا رہا ہے اور 18 دسمبر تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں