ایران کے ہائپرسونک میزائل تیار کر لینے کی رپورٹس پر یقین نہیں ہے، پینٹا گون

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع نے ایران کے ہائپر سونک میزائل تیار کر لینے سے متعلق رپورٹس پر شبہ ظاہر کیا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق پینٹا گون کی پریس سیکرٹری سبرینا سنگھ نے کہا ہے کہ ہم نے بھی وہ رپورٹس دیکھی ہیں جن میں ایران کے ہائپر سونک میزائلوں کی تیاری کا انکشاف کیا گیا ہے لیکن ہمیں اس بارے میں ابھی شبہات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کی قریب سے مانیٹرنگ جاری رکھیں گے اور ایران کی اس شعبے میں ترقی یا پرولفریشن اور میزائل سسٹم کو دیکھتے رہیں گے۔ ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے نے گزشتہ ہفتے پاسداران خلائی امور سے متعلق کمانڈر عامر علی حاجی زادے کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ایران نے ہائپر سونک میزائل تیار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ میزائل غیر معمولی طور پر تیز رفتار ہے اور ہر طرح کے ماحول اور موسم میں سے اپنا راستہ بناتے ہوئے آگے بڑھ سکتا ہے۔

یہ دشمن کے میزائل شکن نظام کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے اور میزائلوں کے میدان میں ایک بڑی چھلانگ ہے۔ تسنیم کی رپورٹ کے مطابق یہ ہائپر سونک میزائل روایتی بلیسٹک میزائل کی طرح ہے۔ یہ آواز کی رفتار سے 5گنا تیز رفتاری کے ساتھ اپنے ہدف کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ نیز یہ عام بیلسٹک میزائلوں کے مقابلے میں زیادہ موثر اور متحرک ہے کہ یہ کثیر الجہت انداز میں حرکت کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں