اللہ کا شکر ہے بچت ہو گئی، مارنے والوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی

ڈاکٹرز مجھے جانیں دیں تو فوری لانگ مارچ آگے بڑھاؤں،میری کوشش ہے ابھی عوام کے درمیان پہنچ جاؤں،ڈرنے والا نہیں ہوں، اس سے میں مزید مضبوط ہوا ہوں۔عمران خان کی عیادت کرنیوالے سینئیر رہنماؤں سے گفتگو

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کا شوکت خانم ہسپتال میں میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیا جس کے بعد ان کی تمام میڈیکل رپورٹس کو تسلی بخش قرار دیدیا گیا۔ عمران خان نے شوکت خانم میں عیادت کے لیے آنے والے سینئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز مجھے جانیں دیں تو فوری لانگ مارچ آگے بڑھاؤں،میری کوشش ہے ابھی عوام کے درمیان پہنچ جاؤں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے بچت ہو گئی، مارنے والوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ، ڈرنے والا نہیں ہوں، اس سے میں مزید مضبوط ہوا ہوں۔خیال رہے کہ عمران خان وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوئے تھے جس کے بعد انہیں طبی امداد کے لئے شوکت خانم ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا ۔
گزشتہ روز میڈیکل بورڈ نے عمران خان کا معائنہ کیا اور میڈیکل رپورٹس کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے چہل قدمی اور ٹوائلٹس استعمال کرنے کی اجازت دیدی، چیئرمین پی ٹی آئی ڈسچارج کرنے پر بضد رہے مگر ڈاکٹرز نے انہیں ایک روز آرام کا مشورہ دیدیا۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مزید ٹیسٹ کی ضرورت نہیں، انہیں کھانے پینے میں کسی چیز سے نہیں روکا گیا۔ قبل ازاں ذرائع میڈیکل بورڈ کے مطابق عمران خان کی دائیں ٹانگ کا دو گھنٹے تک آپریشن جاری رہا، چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹانگ پر 4 زخم آئے، ہڈی کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔میڈیکل بورڈ کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران ہر قسم کے ذرات کو نکال دیا گیا، آپریشن کے دوران ہر زاویے سے تسلی کرنا ضروری تھا، آپریشن چھوٹا تھا لیکن تسلی کے لئے وقت درکار تھا۔دوسری جانب شوکت خانم یسپتال سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ایک جھلک بھی سامنے آئی ۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا تھا کہ عمران خان بیڈ پر لیٹے ہیں اور ان کے پائوں میں پٹی بندھی ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں