مولانا فضل الرحمان کے بیان پر حکومت کا ردعمل سامنے آ گیا

اسلام آباد (جنرل رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے مولانافضل الرحمان کے کورونا اور ویکسی نیشن کے بیان کو گمراہ کن قرار دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانافضل الرحمان نے کورونا اور ویکسی نیشن پر گمراہ کن بیان دیا ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ’ویکسین کے بعد بھی کورونا؟ یا تو ویکسین فراڈ ہے، یا عمران خان کا کورونا فراڈ ہے‘۔
مولانا فضل الرحمان کے بیان کے بعد اُن پر سوشل میڈیا سمیت حکومتی اراکین کی جانب سے بھی تنقید کے نشتر برسا دیے گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ ویکسین لگوانے کے باوجود وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کسی میں تفریق کرتا ہے نہ ہی کوئی رعایت۔ کورونا متاثرین کی شرح پچھلے 8 ماہ میں سب سے زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ایسے اتحاد کی صدارت کر رہے ہیں جو اب رہا نہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ مولانا نے کہا کہ مریم نواز کی نیب میں پیشی پر ساتھ جائیں گے،انہیں چاہیے احتجاج کی بجائے رسیدیں پیش کریں۔ان کا کہنا تھا کہ دولت بچانے کے لیے قانون موجود ہے، پلی بارگین کر لیں،اداروں پر چڑھ دوڑنا آپ لوگوں کا پرانا وطیرہ ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیشہ ان لوگوں نےذاتی مفادکیلئےسیاست کی ہے، ان لوگوں نے کبھی عوام کی خدمت اور آسانی کیلئے آواز بلند نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ معیشت اب بہتری کی جانب چل پڑی ہے، مشکل وقت گزر گیا،حکومت عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نوازنےبچگانہ سیاست سےصرف اپنی پارٹی کونقصان پہنچایاہے،ملک کی اپوزیشن بچوں کے ہاتھ میں ہے۔ سیاسی نابالغوں نے سیاست کو تباہ کر دیا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوائی تھی، جس کے دو دن بعد ہی اُن میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت بڑے بڑے صحافیوں اور مولانا فضل الرحمان نے بھی طنز کیا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو لگائی جانے والی کورونا ویکسین پر کیسے اعتبار کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم ویکسین لگوائی لیکن باوجود اِس کے انہیں کورونا ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں