گیس صارفین کمرکس لیں،105 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن/این این آئی )حکومت کا گیس صارفین پر 105 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری، سوئی ناردرن اور سدرن کی جانب سے 97فیصد گیس مہنگی کرنے کی سفارش ۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کے مطابق گیس کی قیمت میں اضافے کی درخواست آئندہ مالی سال کیلیے کی گئی، سوئی سدرن کی قیمت میں 109 روپے 78 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کیدرخواست کی گئی ہے جبکہ نرخ 778.59 روپے سے بڑھا کر 888.37 روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی۔اوگرا کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ درخواستوں پر سماعت

کے بعد قیمت میں اضافے کا حتمی فیصلہ ہو گا۔دوسری جانب رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔شہر قائد میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا۔ کراچی میں ٹماٹر ایک بار پھر 100 روپے کلو تک پنچ گیا جبکہ آلو اور پیاز کی قیمت بھی 30 روپے کلو سے 50 روپے کلو پر پہنچ گئی۔گائے کا گوشت 700 روپے کلو سے بڑھ کر 740 روپے کلو پر فروخت ہو رہا ہے جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور مرغی کا گوشت 350 روپے کلو سے بڑھ کر 370 روپے کلو پر پہنچ چکا ہے۔کراچی میں پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ایک درجن کیلے کی قیمت 100 روپے اور سیب 200 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے، دوسری جانب پرچون سطح پر برائلرگوشت مزید7روپے اضافے سے309روپے،زندہ برائلر مرغی کی قیمت5روپے اضافے سے213روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت166روپے فی درجن پر مستحکم رہی۔ دریں اثنا ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.19 فیصد کی کمی ہوئی،مہنگائی کی مجموعی شرح 13.21 فیصد ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 22اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر 8 روپے اور انڈے فی درجن 2 روپے 13 پیسے مہنگے ہوئے۔5 لیٹر برانڈڈ خوردنی تیل کی قیمتوں میں پانچ روپے 23پیسے مہنگا ہوا۔ایک ہفتے میں آلو، چینی، آٹا، گھی، جلانے کی لکڑی، مصالحہ جات،گڑ اور دہی بھی مہنگے ہوئے۔ایک ہفتے میں زندہ مرغی 16روپے 95 پیسے سستی ہوئی۔ ایک ہفتے میں پیاز، لہسن، تازہ دودھ،دال مسور، دال مونگ اور ٹوٹا باسمتی چاول سستے ہوئے۔ واضح رہے کہ مہنگائی قابو ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی، وزیراعظم کی ہدایات کے برعکس مہنگی اشیاء کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں