مریم اورنگزیب کے ساتھ پیش آئے برطانیہ واقعے پر کاروائی نہیں کریں گے

واقعے سے ہمیں کوئی نقصان نہیں ہوا ، واقعے پراگر کاروائی کریں گے تو ہمدردیاں ختم ہوجائیں گی۔وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ پیش آئے برطانیہ واقعے پر کاروائی نہیں کریں گے، واقعے سے ہمیں کوئی نقصان نہیں ہوا ، واقعے پراگر کاروائی کریں گے تو ہمدردیاں ختم ہوجائیں گی۔ نجی نیوز چینل کے مطابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ فیصلہ ہوگیا کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ برطانیہ میں واقعے پر کاروائی نہیں کریں گے، واقعے سے ہمیں کوئی نقصان نہیں ہوا جنہوں نے کیا ان کا سیاسی نقصان ہوا، برطانیہ میں پیش آئے واقعے سے ہمیں ہمدردیاں ملی ہیں، برطانیہ میں پیش واقعے پر کاروائی کریں گے تو ہمدردیاں ختم ہوجائیں گی۔
دوسری جانب گزشتہ روز لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے ٹویٹر پر مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے واقعے پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ بہت آسان طریقہ ہے، جن پاکستانیوں نے مریم اورنگزیب کو دیکھ نعرے لگائے ان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کینسل کر دینے چاہئیں، اگر وہ غیر ملکی پاسپورٹ پر پاکستان آئیں تو ان کو فوراً گرفتار کر کے ڈی پورٹ کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو پاکستان تحریک انصاف کےکارکنوں نے لندن میں گھیرلیا تھا، اس دوران ان پر الزامات لگائے گئے اور مغلظات بکی گئیں۔ مریم اورنگزیب ماربل آرچ پر ایک کافی شاپ میں کافی لینےکے لیے رکی تھیں، اس دوران پی ٹی آئی کے کارکن آگئے اور انہوں نے وزیر اطلاعات کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا۔پی ٹی آئی کی خواتین نے مریم اورنگزیب پر الزامات لگائے، کافی شاپ میں کھڑی مریم اورنگزیب پرپی ٹی آئی کی خواتین نے چور ہونےکا الزام بھی لگایا، اس موقع پر مردکارکن بھی موجود تھے۔
واقعے پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ہمارے بعض طبقات کی اوقات برطانیہ جا کر بھی نہیں بدلی، یہ لوگ ھماری سوسائٹی کی پست ترین سطح کی نمائندگی کر رہے ھیں.سیاسی اختلافات کو یہ رنگ دینا گھٹیا تربیت اور ایسے ٹرینڈ کی نشاندہی ھے جو عدم برداشت کی انتہا ھے. مزہب کے بعد سیاست میں متشدد رحجان ہمارے معاشرے کو تباہ کر دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں