صحت کارڈ کے ذریعے علاج کیلئے مختص رقم میں اضافہ کر دیا گیا

پنجاب حکومت کا جگر اور بچوں کے دل کی پیچیدہ سرجری کو بھی صحت کارڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور(نیوز ڈیسک) صحت کارڈ کے ذریعے علاج کیلئے مختص رقم میں اضافہ کر دیا گیا، پنجاب حکومت کا جگر اور بچوں کے دل کی پیچیدہ سرجری کو بھی صحت کارڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی اتحادی پنجاب حکومت نے صحت کارڈ منصوبے کے ذریعے عوام کو علاج کی مزید سہولیات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سے صحت کارڈ کا شہریوں کو جگر کے پیچیدہ مرض کے علاج کی سہولت بھی ملے گی، جبکہ اب سے بچوں کے دل کی پیچیدہ سرجری بھی صحت کارڈ پر کروائی جا سکے گی۔ سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ نجی ہسپتالوں کے ماہرین بھی پیچیدہ سرجری میں معاونت کریں گے۔ نجی ہسپتالوں کی معاونت سے چھوٹے بچوں کی کارڈیک سرجری کو صحت کارڈ پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔
جبکہ اس سے قبل وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ہیلتھ کارڈ پروگرام میں سرجری کی جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف شامل کرنے کی منظوری دے دی تھی، جبکہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج کرانے والے مریضوں کیلئے پینل میں مزید ہسپتال شامل کرنے کی منظوری بھی دی جا چکی، حکومت نے ہسپتالوں کی ایمرجینسیز میں مریضوں کے لئے مفت ادویات کا پروگرام بھی شروع کیا ہے۔
اس کے علاوہ شہریوں کو صحت کارڈ کے ذریعے سالانہ بنیاد پر علاج کیلئے فراہم کی جانے والی رقم بھی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئے صحت انصاف کارڈ منصوبے کے تحت ہر شہری کو سالانہ بنیاد پر 10 لاکھ روپے تک کا علاج مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ تحریک انصاف کی سابقہ پنجاب حکومت میں صحت کارڈ منصوبے کو پورے صوبے ہر ضلع تک پھیلا دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں