سارہ قتل کیس: مرکزی ملزم کی والدہ کا ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے عدالت سے رجوع

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سارہ قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہ نواز کی والدہ ثمینہ شاہ نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے عدالت سے رجوع کر لیا، موقف اختیار کیا کہ واقعہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ چشم دید گواہ ہیں۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت میں بیرسٹر حسنات گل کے ذریعے دائر درخواست میں والدہ ثمینہ شاہ نے موقف اختیار کیا کہ ان کا نام مقتولہ کے چاچا اور چاچی نے نامزد کیا، وہ کئی سالوں سے جائے وقوعہ فارم ہاؤس میں رہائش پذیر ہیں، مرکزی ملزم شاہنواز امیر نے قتل سے قبل مقتولہ کی رخصتی کے لئے مجھے وٹس ایپ پر میسج کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ مرکزی ملزم شاہنواز امیر نے قتل کے بعد صبح 9 بج کر 12 منٹ پر بذریعہ فون وقوعہ کے متعلق آگاہ کیا، ملزمہ کمرے کی طرف دوڑی لیکن تب تک مقتولہ سارہ انعام قتل ہوچکی تھی، شاہنواز امیر کو کمرے میں بیٹھنے کو کہا، تب تک والد ایازامیر نے پولیس کو آگاہ کردیا تھا، اسلام آباد پولیس چند منٹوں میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ملزمہ ثمینہ شاہ کا واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، چشم دید گواہ بھی نہیں، ملزمہ صحت کے مسائل سے دوچار ہے، اس لئے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں