22

عمران خان کی سینیٹرز کو مہنگائی کیخلاف ایوان میں آواز اٹھانے کی ہدایت

عوام مہنگائی سے مرر رہے ہیں ان کی آواز بنیں، سینیٹ میں پی ٹی آئی کی مہنگائی کے خلاف آواز گونجنی چاہیے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی سینیٹرز کا اجلاس

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سینیٹرز کو مہنگائی کیخلاف ایوان میں آواز اٹھانے کی ہدایت کردی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی سے مرر رہے ہیں ان کی آواز بنیں۔ سینیٹ میں پی ٹی آئی کی مہنگائی کے خلاف آواز گونجنی چاہیے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی سینیٹرز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سینیٹ کے آئندہ اجلاس اور ملک کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سینیٹرز کو مہنگائی کیخلاف ایوان میں آواز اٹھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں غیریقینی کی صورتحال ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے، غیریقینی کا خاتمہ صرف اور صرف فوری الیکشن سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو ملک کے مستقبل بارے سوچ رہی ہے۔ عوام مہنگائی سے مرر رہے ہیں ان کی آواز بنیں۔ سینیٹ میں پی ٹی آئی کی مہنگائی کے خلاف آواز گونجنی چاہیے، سینیٹ میں ملک کو درپیش چار بڑے چیلنجز کو اٹھایا جائے گا، حکومت کی جانب سے سیاسی انتقامی کاروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،میڈیا پر کریک ڈاؤن اورصحافیوں کو ہراساں کرنے کے معاملے کو اٹھایا جائے گا، بدترین معاشی صورتحال اور سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں ناکامی کی صورتحال کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

مزید برآں عمران خان کی زیر صدارت سینیٹرز کے اجلاس میں نیب قانون میں ترمیم کے بعد لوگوں کو ملنے والی چھوٹ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ایوانِ بالا میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی آئندہ کی حکمتِ عملی پر بات چیت کی گئی۔حقیقی آزادی کی تحریک کے فیصلہ کن مرحلے کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر غور کیا گیا۔مہنگائی، معاشی تباہی سمیت دیگر معاملات پوری قوت سے ایوان میں اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ مجرموں کو این آر او دوم دیکر ملک و قوم کے ساتھ سنگین اور مجرمانہ مذاق کیا گیا۔ قوم کے لوٹے گئے 1100 ارب روپے ہضم کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے ،جس مجرم کو نجات دہندہ کہہ رہے ہیں وہ 20 ارب کا خسارہ چھوڑ کر گیا۔مستحکم ہوتی معیشت کو تنبیہ کے باوجود تباہی کے گھڑے میں اتار دیا گیا، غیریقینی کی کیفیت معیشت کیلئے زہرِقاتل ہے، انتخاب کے اعلان سے تدارک ہوگا، عمران خان نے کہا کہ مجرموں کو کسی طور قبول کرنے کو تیار ہوں نہ ہی قوم کرے گی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ کل رحیم یار خان میں اہم ترین خطاب کروں گا۔قبل ازیں عمران خان نے طالبات کنونشن سے خطاب میں کہا کہ جس قوم میں قانون کی حکمرانی نہیں وہ تباہ ہو جاتی ہے،یہ وقت پاکستان کیلئے فیصلہ کن ہے۔ حقیقی آزادی کیلئے سیاست نہیں جدوجہد کی جاتی ہے،جو طاقت ور ہے وہ اوپر ہے اور غریب کمزور ہے۔ملک میں انصاف لے آئیں تو یہ حقیقی ملک بن جائے گا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آزادی کے لیے کھڑی نہ ہونے والی قومیں تباہ ہوجاتی ہیں۔پہلے اسمبلی میں جا کر قانون بناتے ہیں اور نیب قانون میں تبدیلی کرتے ہیں جبکہ باری باری چوروں کے کیسز ختم ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں