پاکستان میں وٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام سروسز بحال ہوگئیں

لاہور (بیورو رپورٹ) پاکستان میں وٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام سروسز بحال ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت کئی ممالک میں وٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور فیس بک میسینجر سروسز کچھ دیر کے تعطل کے بعد بحال ہونا شروع ہوگئیں۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک کے کروڑوں صارفین کافی وقت تک سوشل میڈیا اور موبائل میسیجنگ ایپس تک رسائی سے قاصر رہے۔
پاکستان میں صارفین کافی وقت تک موبائل میسیجنگ ایپ کے استعمال سے مکمل طور پر قاصر ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز تک رسائی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ فیس بک میسنجر کی سروس بھی متاثر ہوئی۔ دنیا بھر کے کروڑوں صارفین کی جانب سے شکایت کی گئی کہ وہ وٹس ایپ سروس تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
صارفین وٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے اور موصول کرنے سے قاصر رہے۔ وٹس ایپ سروسز کی اچانک بندش کے بعد ٹوئٹر پر صارفین نے اس معاملے کو ٹاپ ٹرینڈ بھی بنا دیا۔ جبکہ وٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام سروس کے متاثر ہونے کے حوالے سے کمپنی حکام کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ ایک تکنیکی خرابی تھی جو جلد ہی دور کر لی گئی۔ واضح رہے کہ وٹس ایپ دنیا میں پیغام رسانی کیلئے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی موبائل ایپ ہے۔ جبکہ فیس بک اور انسٹاگرام سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سوشل میڈیا ویب سائٹس ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں