اندرون ملک فضائی کرایوں میں ہوشربا اضافہ

سیلاب کی وجہ سے ٹرین آپریشن متاثر ہونے سے پی آئی اے سمیت نجی ائیرلائنز نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا

لاہور (نیوز ڈیسک) اندرون ملک فضائی کرایوں میں ہوشربا اضافہ، سیلاب کی وجہ سے ٹرین آپریشن متاثر ہونے سے پی آئی اے سمیت نجی ائیرلائنز نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا۔ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور سے کراچی پی آئی اے کا یکطرفہ کرایہ 20 سے 40ہزار روپے تک پہنچ گیا جبکہ نجی ایئرلائنز کے ٹکٹس17 سے 31ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث لاہور سے کراچی 4 ہفتے سے بند ٹرین آپریشن کے بعد مسافروں کی تعداد میں اضافے پر قومی و نجی ایئرلائنز نے اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے پی آئی اے کوکوئٹہ سے ایران اور عراق پروازیں چلانے کیلئے فزیبلٹی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرہوا بازی خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت محکمہ ایوی ایشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کوئٹہ کا فضائی آپریشن بڑھانے کیلئے قومی و دیگر ملکی ایئرلائنز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور سے کوئٹہ کی ہفتہ وار پروازوں کو بڑھایا جائے، پی آئی اے کوئٹہ سے ایران اور عراق پروازیں چلانے کی فزیبلٹی بنائے، چھوٹے جیٹ طیاروں پر مشتمل بجٹ ایئرلائنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
اجلاس میں بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے قوانین میں تبدیلی کی تجویز دی گئی۔ اسی طرح ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ایئرپورٹ پرکسٹمز ڈیکلریشن فارم بھرنا لازمی کرنا ہوگا، 5 ہزار ڈالر یا غیرملکی کرنسی والے مسافروں کو رقم ڈکلیئر کرنا ہوگی، مسافر کو فارم میں اپنے پاس موجود ممنوعہ اشیاء کا ذکر بھی کرنا ہوگا، بیرون ملک سے آنے والوں کو بھی کسٹمز ڈیکلریشن فارم بھرنا ہوگا، 10 ہزار ڈالر یا زائد غیرملکی کرنسی والوں کو کسٹمز ڈیکلریشن فارم بھرنا ہوگا، سونا زیورات ، قیمتی یا نیم قیمتی پتھروں کی تفصیل بھی ظاہر کرنا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں