حکومت کا پنجاب میں عام آدمی کو 14 لاکھ روپے میں گھر دینے کا اعلان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) حکومت نے صوبہ پنجاب میں عام آدمی کو 14 لاکھ روپے میں گھر دینے کا اعلان کردیا ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل کہتے ہیں کہ سرکاری زمین غریب آدمی کے استعمال میں لائی جائے گی ، جس پر تعمیر شدہ گھر 14 لاکھ روپےمیں دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کے20 اضلاع کی 26 تحصیلوں میں 14 لاکھ روپے میں عام آدمی کو گھر دیا جائے گا ، جس کے لیے پنجاب پیری اربن اسکیم ایک نیا منصوبہ لا رہے ہیں ، اس کے تحت صوبہ پنجاب کی ہر تحصیل میں ہاو ¿سنگ کا منصوبہ شروع کیا جائے گا ، پہلے فیز میں 3 ہزار کینال پر 26 تحصیلوں میں یہ منصوبہ شروع ہو رہا ہے ، جس کے لیے 21 ہزار 7 سو درخواست موصول ہوئی ہیں ، نیا پاکستان اتھارٹی میں ان درخواستوں کو شارٹ لسٹ کیا جا رہا ہے ، اس کے لیے مخدوم ہاشم جوان بخت کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اپریل میں منصوبے کے پہلے فیز پر کام شروع ہوجائے گا ، گھروں کومارگیج کر کے لوگوں کے حوالے کیا جائے گا ، ایک گھر کے لیے شہریوں کو 5700 روپے کی قسط ادا کرنا ہوگی جب کہ ہاوسنگ سیکٹر میں مارگیج کےنظام میں بہتری لے کر آئے ہیں ، جس کی وجہ سے اب آپ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے بھی انقلاب دیکھیں گے ، دنیا کے بڑے ملکوں میں بھی گھر بنانے کے لیے قرضہ کی ضرورت ہوتی ہے ، کیوں کہ امریکا یا لندن میں بھی سب لوگ یکمشت پیسہ دے کر گھر نہیں بنا سکتے ، نیا پاکستان ہاو ¿سنگ اتھارٹی نے گھروں کے لیے قرضے کے حصول کے لیے راہ ہموار کردی ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ یونیورسٹیز کے ساتھ ایم او یو سائن کیا جائے گا جس کے تحت ریور راوی پراجیکٹ کے لیے پہلے مرحلے میں یونیورسٹی کے گریجویٹس کو نوکریاں دیں گے ، ہر سال فریش گریجویٹس کو ایک سال کے لیے نوکری دی جائے گی کیوں کہ ریور راوی منصوبے میں لاکھوں نوکریاں سامنے آئیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں