پشاورہائیکورٹ کا 3 ہفتوں میں پینا ڈول کی مارکیٹ میں فراہمی یقینی بنانےکا حکم

پینا ڈول ایسی دوائی ہے جو ہر گھر کی ضرورت ہے، لیکن مارکیٹ میں شارٹ ہے، حکومت عوام کی مشکلات کا کچھ احساس کریں۔ چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ قیصررشید خان

پشاور(نیوز ڈیسک) پشاورہائیکورٹ نے 3 ہفتوں میں پینا ڈول کی مارکیٹ میں فراہمی یقینی بنانےکا حکم دے دیا ہے، چیف جسٹس قیصررشید خان نے ریمارکس میں کہا کہ پینا ڈول ایسی دوائی ہے جو ہر گھر کی ضرورت ہے، لیکن مارکیٹ میں شارٹ ہے،حکومت عوام کی مشکلات کا کچھ احساس کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاورہائیکورٹ میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس قیصر رشید خان نے دوران سماعت ریمارکس میں کہا کہ پینا ڈول مارکیٹ میں شارٹ ہے، پینا ڈول ایسی دوائی ہے جو ہر گھر کی ضرورت ہے، اب پیناڈول بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے، پشاورہائیکورٹ نے 3 ہفتے میں پینا ڈول کی مارکیٹ میں فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
پشاورہائیکورٹ نے ادویات کی قیمتوں اور پیناڈول کی عدم دستیابی سے متعلق متعلقہ حکام سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ متعلقہ حکام 3 ہفتوں میں پینا ڈول کی مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنائیں، حکومت عوام کی مشکلات کا کچھ احساس کریں۔دوسری جانب وفاقی وزیر صحت عبدالقادرپٹیل کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے جعلی ،غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں کیخلاف ڈریپ ایکٹ کے تحت کاروائی کی جارہی ہے ۔

حکومت کی مقررہ قیمتوں سے زائد پر ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام سے زیادتی نہیں برداشت کی جائے گی، جو عناصر غیر قانونی کاموں میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کی کارکردگی کو بہتربنانے کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جارہی ہیں۔
وزیرصحت کی ہدایت پر ادویات کی زائد قیمتوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پیناڈول کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف ڈریپ نے بڑی کارروائی کی۔ اس حوالے سے وزارت صحت کے حکام نے کہا کہ ڈریپ کی ٹیم نے کراچی کچی گلی میڈیسن مارکیٹ میں الطاف ٹریڈرز پر چھاپے کے دوران تقریباً 2لاکھ 52 ہزار پیناڈول کی گولیاں برآمد کیں۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے مارکیٹ میں سے اس دوائی کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فارمیسی سے غیر وارنٹی شدہ سٹاک برآمد ہوا جو مشکوک ہو سکتا ہے جسے ڈریپ کی ٹیم نے قبضے میں لے لیا ہے۔ اس ضمن میں لیے گئے ٹیسٹ کے نمونے کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں