ملک میں آٹے کا بحران مزید سنگین ہونے لگا

کراچی میں فی کلو آٹے کی قیمت 125 روپے تک پہنچ گئی، پنجاب میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 1500 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلا گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں آٹے کا بحران مزید سنگین ہونے لگا، کراچی میں فی کلو آٹے کی قیمت 125 روپے تک پہنچ گئی، پنجاب میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 1500 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے تمام صوبوں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ ملک میں سب سے سستا آٹا پنجاب میں دستیاب تھا، تاہم اب پنجاب میں گندم کی امدادی قیمت اور فلور ملز کو فراہم کیے جانے والے سرکاری آٹے کی قیمت میں بھی اضافے کے اعلان پر ملز مالکان نے 15 کلو آٹے کا تھیلا مزید 100 روپے مہنگا کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں ایک ہفتے میں 15 کلو تھیلے کی قیمت 250 روپے اضافے کے بعد 1300 سے 1550 روپے ہوگئی ہے۔ جبکہ خیبر پختونخوا میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 50 روپے مہنگا ہوگیا جس سے نئی قیمت 2100 روپے تک پہنچ گئی۔
کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے کا ہوگیا جبکہ کراچی میں فی کلو آٹے کی قیمت 125 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ میں آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے روٹی کی قیمت ہوشربا 50 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

یہاں واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد سے آٹے کی قیمت میں اضافے کے رجحان کو مزید پر لگ گئے۔ پنجاب نے فی من گندم کی امدادی قیمت 3 ہزار روپے جبکہ سندھ نے فی من گندم کی امدادی قیمت 4 روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب ہم بیرون ملک سے 9 ہزار روپے فی من کی قیمت پر گندم خرید سکتے ہیں تو پھر ہمیں اپنے کسانوں کو بھی فائدہ پہنچانا چاہیئے۔ جبکہ پنجاب میں گندم کی امدادی اور سرکاری قیمت میں اضافے کے بعد فلو ملز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سرکاری آٹے کی قیمت میں 40 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں