سابق آئی سی سی امپائر اور فرسٹ کلاس کرکٹر اسد رؤف انتقال کر گئے

لاہور (نیوز ڈیسک) آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کے سابق امپائر اور پاکستان کے فرسٹ کلاس کرکٹر اسد رؤف دل کا دورہ پڑنے سے 66 سال کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔

اسد رؤف کے بھائی طاہر رؤف نے افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسد رؤف بدھ کی رات لاہور میں اپنی دکان سے واپس آتے ہی دل کا دورہ پڑنے سے وفات پاگئے ہیں۔

سابق امپائر اسد رؤف نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے سابق فرسٹ کلاس کھلاڑی تھے اور انہوں نے 71 فرسٹ کلاس اور 40 لسٹ اے میچز کھیلے۔

امپائر کے طور پر ان کا کیریئر 1998 میں شروع ہوا جب انہوں نے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا اور 2000 میں وہ اپنے پہلے ون ڈے میں امپائرنگ کی انہیں 2004 میں او ڈی آئی پینل میں شامل کیا گیا اور اگلے سال اپنے پہلے ٹیسٹ میں امپائرنگ کی، اپریل 2006 میں انہیں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں مقرر کیا گیا۔

یاد رہے کہ اسد رؤف نے آئی سی سی میں ٹاپ امپائر رہتے ہوئے 170 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کی تھی، انہوں نے 49 ٹیسٹ، 90 ایک روزہ اور 23 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں امپائر کی حیثیت سے کام کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں