صوفیہ مرزا کی بچیوں کی حوالگی سے متعلق کیس، توہین عدالت کی درخواست خارج

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کی حوالگی سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست واپس لینے پر خارج کردی۔

جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے صوفیہ مرزا کی بچیوں کی حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے اداکارہ صوفیہ مرزا اور وکلاء کی سرزنش کی۔

دوران سماعت جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وکیل لاہور سے ایک یہاں عدالت میں دلائل دے رہا ہے، دونوں وکلاء کی خاتون موکلہ صوفیہ مرزا بھی بار بار مداخلت کر رہی ہے، پہلے فیصلہ کر لیں دلائل کون دے گا، جس فیصلہ کو جوازبنا کر توہین عدالت کی درخواست کی اس پر عمل ہو چکا ہے۔

جسٹس سردار طارق مسعود نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے سمری پر دستخط کردیئے ہیں، وزارت خارجہ بچیوں کی یو اے ای سے واپسی کے معاملہ پر اقدامات اٹھا رہی ہے، بچیوں کی واپسی کیلئے پوری حکومتی مشینری ہل گئی ہے۔

بعدازاں عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہر 15 دن بعد بچیوں کی واپسی سے متعلق پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں