آئی ایم ایف کے بعد ورلڈ بینک بھی پاکستان کو آنکھیں دکھانے لگا

سبسڈیز کا خاتمہ اور توانائی کے معاہدوں کو ازسرنو کھولنا کا مطالبہ، 1 ارب ڈالر مالیت کے دو قرضوں کو سخت شرائط کی تکمیل سے مشروط کر دیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی ایم ایف کے بعد ورلڈ بینک بھی پاکستان کو آنکھیں دکھانے لگا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے بھی پاکستان کو قرض فراہم کرنے سے قبل سخت شرائط پر عمل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو ورلڈ بینک سے 60 کروڑ ڈالرز اور 45 کروڑ ڈالرز کی اقساط کی صورت میں 1 ارب ڈالرز سے زائد کا قرض ملنا ہے، تاہم ورلڈ بینک قرضے کی ادائیگی سے قبل آنکھیں دکھا رہا ہے۔
ورلڈکپ بینک کی جانب سے پاکستان سے سبسڈیز کا خاتمہ اور توانائی کے معاہدوں کو ازسرنو کھولنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا 22 ستمبر کو 4 روزہ دورہ پاکستان کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچیں گے، ان کے اس دورے کے دوران سخت شرائط کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

دوسری جانب عمران خان کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے قرض دینے والے ممالک ہماری نیشنل سیکیورٹی کو کمزور کر دیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے پروگرام میں سینئر صحافی کامران خان کو دیے گئے انٹرویو میں ملکی معیشت کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کہہ رہا ہے پاکستان کے حالات سری لنکا کی طرف جا رہے ہیں، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے پاکستان کی عوام سری لنکا کی طرح باہرآسکتی ہے، موجودہ حکومت کی ہر چیز ناکام ہو رہی ہے، بیرون ملک سرمایہ کاروں کو بھی اس حکومت پر اعتماد نہیں۔
چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان سنگین دیوالیہ ہونے کی طرف گامزن ہے، اگرمعاشی استحکام نہ آیا تو مجھے خوف آرہا ہے، خدشہ ہے قرض دینے والے ممالک ہماری نیشنل سیکیورٹی کو کمزور کر دیں گے۔ عالمی ادارہ کے مطابق سردیوں میں گیس کی قیمت 250 فیصد بڑھنے والی ہے۔ سیلاب کا فال آؤٹ سردیوں میں آئے گا، قرضے بڑھتے جا رہے ہیں اورملک کی ایکسپورٹ گررہی ہے، ملک میں بیروزگاری بڑھے گی، بجلی مہنگی ہو گئی ہے لوگ بجلی کے بل نہیں دے سکتے، مشرف کے بعد دو خاندانوں نے چار گنا ملک کا قرضہ بڑھایا، ہماری حکومت میں یہ لوگ مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کرتے تھے، آج ملک میں مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، روپے کی قدرمسلسل گرتی جارہی ہے، خوف آرہا ہے جدھرپاکستان جارہا ہے حالات پھرسب کے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔
عمران خان نے کہا جو کچھ نظر آ رہا ہے سارے پاکستانی پریشان ہیں، دو خاندانوں کی وجہ سے آج بنگلادیش بھی پاکستان سے آگے نکل گیا ہے، جو بھی اگلی حکومت آئے گی اس کے لیے مسائل کے پہاڑ چھوڑ کر جائیں گے، 5 سال کے لیے تگڑی حکومت آئے گی تو پھرمعاشی استحکام آئے گا، بہترین آپشن ملک میں الیکشن کرایا جائے تاکہ سیاسی استحکام آجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں