تحریک انصاف کا بڑا سیاسی فیصلہ، ضمنی الیکشن کیلئے تحریک لبیک سے اتحاد کیلئے رابطہ کر لیا

کراچی (بیورو رپورٹر) تحریک انصاف کا بڑا سیاسی فیصلہ، ضمنی الیکشن کیلئے تحریک لبیک سے اتحاد کیلئے رابطہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کے استعفیٰ سے خالی ہونے والی نشست این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے تمام سیاسی جماعتوں نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کی جانب سے غیر متوقع سیاسی قدم اٹھایا گیا ہے۔
تحریک انصاف کراچی کی قیادت نے این اے 249 میں الیکشن لڑنے کے حوالے سے تحریک لبیک کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے رہنماوں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق عام انتخابات 2018 میں این اے 249 میں تحریک انصاف پہلے جبکہ تحریک لبیک تیسرے نمبر پر رہی تھی۔
حلقے میں تحریک لبیک کا ووٹ بینک ہونے کی وجہ سے تحریک انصاف مذہبی جماعت کیساتھ مل کر ضمنی الیکشن لڑنے پر غور کر رہی ہے۔
دوسری جانب حلقے میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ اس دوران مختلف جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے مجموعی طور پر 124 نامزدگی فارم حاصل کیے جن میں سے 55 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔ ان میں تحریک انصاف کے حنید لاکھانی، عرفان اللہ خان نیازی، اشرف جبار قریشی، ملک عارف، حسنین علی چوہان، عبدالحق، سبحان علی ساحل، سربلند خان، مسرور علی سیال، امجد آفریدی، لیلی پروین، گل مولا، رکن اسمبلی ملک شہزاد اعوان، محمد یوسف، مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسماعیل، سلمان خان، خواجہ غلام شعیب، ایم کیو ایم پاکستان کے محمد مرسلین، فیاض قائم خانی، خواجہ ریحان منصور، نعمان خان، شاکر علی، سلمان مجاہد بلوچ، جاوید چھتاری ایڈوکیٹ، پیپلز پارٹی کے ایڈوکیٹ قادر خان مندوخیل، مسعود خان مندوخیل ایڈوکیٹ، وحید شاہ، جے یو آئی ف کے مولانا عمر صادق، تحریک لبیک کے مفتی نزیر احمد کمالوی، محمد ساجد نواز، عابد حسین، محمد اسماعیل، مسلم لیگ فنکشنل کے سردار عبدالرحیم، پاک سرزمین پارٹی کے سید مصطفی کمال، سید حفیظ الدین، ہمایوں عثمان، مسلم لیگ جونیجو کے محمد اشرف، ایم ڈبلیو ایم کے مبشر حسن، سنی تحریک کے سربراہ احمد (بلال سلیم قادری)، پاکستان راہ حق پارٹی کے محمد عادل، عام لوگ اتحاد کے رحمت اللہ وزیر، پاک مسلم الائنس کے سید حضرت عمر، پاسبان کے خالد صدیق اور پاکستان فلاح پارٹی کے محمد ولی شامل ہیں جبکہ 11 آزاد امیدواروں میں زنیرہ رحمان، محمد طارق، معصوم شاہ، طارق محمود، شبیر احمد، محمد عظیم اختر قادری، شبیر احمد پٹنی، محمد یونس، محمد ارشد قریشی، منصف جان ایڈوکیٹ اور سید عشرت غزالی ایڈوکیٹ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 18 مارچ 2021 کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے امیدواروں کے نام آویزاں کیے جائیں گے، 25 مارچ 2021 تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پٹرتال ہوگی، ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 مارچ 2021 جبکہ ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل کے فیصلوں کی آخری تاریخ 5 اپریل 2021 مقرر کی گئی ہے، کاغذات نامزدگی 7 اپریل تک واپس لیے جاسکتے ہیں، امیدواروں کو انتخابی نشان 8 اپریل کو الاٹ کئے جائیں گے اور پولنگ 29 اپریل 2021 بروز جمعرات کو ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں