موٹر وے زیادتی کیس کا فیصلہ ہوگیا

لاہور(ابیورو رپورٹ) لاہور سیالکوٹ موٹر وے زیادتی کیس کا فیصلہ ہوگیا جو 20مارچ کو سنایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے والے ملزمان کے خلاف فیصلہ 20 مارچ کو سنایا جائے گا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔
قبل ازیں موٹروے خاتون زیاتی کیس میں پولیس نے ملزمان کے خلاف چالان تیار کیا ، چالان 100سے زائد صفحات پر مشتمل تھا جس میں 40 گواہان کو بھی شامل کیا گیا ، گواہان میں متاثرہ خاتون، مقدمے کا مدعی اور 15 پر کال کرنے والا شخص بھی شامل ہے ، پولیس کی جانب سے تیار کردہ چالان کے متن میں کہا گیا ہے کہ عابد ملہی نے تفتیشی کے روبرو اعتراف جرم کیا اور دفعہ 161 کا بیان ریکارڈ کروایا ، شفقت عرف بگا کا بیان جوڈیشل مجسٹریٹ رحمان الہٰی نے ریکارڈ کیا جس میں شفقت نے بھی اقبال جرم کرلیا اور دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کروا دیا۔
چالان کے مطابق ملزم عابد ملہی اور شفقت سے برآمدگی بھی کی گئی ، شفقت نے ڈنڈا بالامستری کے گھر سے برآمد کروایا جب کہ عابد ملہی نے پستول تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ سے برآمد کروایا ، پولیس نے عابد ملی اور شفقت بگا کا موبائل فون برآمد کیا ، تاہم عابد ملہی نے خاتون سے لوٹی ایک لاکھ سے زائد کی رقم خرچ کردی ، عابد ملہی نے خاتون کے سونے کے کڑے اور اے ٹی ایم بھی برآمد نہیں کروایا ، ملزم عابد ملہی نے بیان دیا کہ جب روپوش تھا اس دوران ساری رقم خرچ کردی۔
واضح رہے کہ موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا تھا ، مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کی خبروں کے بعد پولیس نے اس کی گرفتاری کی تصدیق کردی تھی ، پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عابد ملہی کی تاندلیانوالہ میں اپنے سسرال میں موجود ہونے کی اطلاع ملی تھی، جب وہاں ریڈ کی گئی تو ملزم وہاں سے فرار ہو گیا ، جس کے بعد پولیس نے ملزم کا پیچھا جاری رکھا ، تاندلیانوالہ سے فرار ہونے کے بعد ملزم مانگا منڈی میں اپنے والد کے گھر میں چھپا ہوا تھا جہاں سے اس کی گرفتاری عمل میں آئی ، ملزم عابد ملہی دو دن سے تاندلیانوالہ میں اپنے سسر کے گھر میں چھپا ہوا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کی کارروائی سی آئی اے لاہور کی ٹیم نے کی ،سی آئی اے لاہور کی خصوصی ٹیم لاہور پولیس کے ساتھ مل کر ملزم کی تلاش میں مصروف تھی، یاد رہے کہ مرکزی ملزم عابد ملہی کو موٹر وے زیادتی کے ایک ماہ اور 2 دن کے بعد گرفتار کیا گیا ، جب کہ گرفاری عمل میں آنے سے پہلے ملزم پولیس کو 6بار چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں