پشاور ہائی کورٹ کے باہر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ر صفدر پر انڈہ پھینک دیا گیا

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ کے باہر مسلم لیگ ن کے رہنمائ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر انڈہ پھینکنے کی کوشش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نوا شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو انڈا مارنے کی کوشش اس وقت کی گئی جب وہ پشاور ہائی کورٹ میں پیشی کے لیے آئے ، اس دوران ہائی کورٹ کے باہر ان پرانڈہ پھینکا گیا جو کہ کسی کارکن کو جا لگا اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر اس سے بال بال بچ گئے۔
بتایا گیا ہے کہ انڈہ پھینکے جانے کے واقعے کے بعد سابق وزیر اعظم نوازشریف کے داماد انڈہ اٹھاکر مارنے والے کی طرف دوڑے تاہم نامعلوم شخص رکشہ میں سوار ہوکر فرار ہوگیا تاہم بعدازاں پولیس اسے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر ان پر بھی انڈے پھینکے گئے ، لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں شہباز گل کو نہ صرف دو انڈے مارے گئے بلکہ سیاہی بھی پھینکی گئی ، شہباز گل کے ماتھے اور ہاتھ پر سیاہی لگ گئی ، وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کے چہرے پر پھینکی گئی سیاہی زہریلی نکلی ، جس سے ان کی آنکھ میں انفیکشن ہو گیا۔
ڈاکٹرزنے بتایا کہ سیاہی میں موجود کیمیکل کی وجہ سے آنکھ میں انفیکشن ہو گیا ہے تاہم علاج کے بعد آنکھ ٹھیک ہو جائے گی ، ڈاکٹرزنے شہباز گل کی بائیں آنکھ پر ٹریٹمنٹ کے بعد پٹی لگا دی گئی۔ تاہم وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے خود پر حملہ کرنے والوں کو معاف کردیا۔
ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز عدالت میں مسلم لیگ ن کی قیادت کے ایمائ پرمجھ پرحملہ کیا گیا ، جس کے لیے اخلاق سے گرے ہوئے لوگ غریب دیہاڑی دار افراد خصوصاً خواتین کا استعمال کر رہے ہیں ، میں حملہ کرنے والوں کو معاف کرتا ہوں ، کیوں کہ میں کسی غریب اور نا سمجھ کو جیل میں نہیں دیکھنا چاہتا ، پولیس سے گذارش ہے کہ ان کے ساتھ کوئی برا سلوک نہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں