تحریک انصاف قیادت کے خلاف شنکجہ مزید سخت کرنے کا فیصلہ

امریکن ایف بی آئی،برطانیہ و دیگر ممالک کے اداروں سے مدد لی جائے گی، ایف آئی اےعمران خان اور اسد عمر کو بھی اکاؤنٹس تفصیلات سے متعلق خط لکھے گا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے خلاف شنکجہ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔نجی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق اداروں نے تحقیقات کا دائرہ بیرون ملک تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔امریکا برطانیہ سمیت جہاں سے بھی فنڈ آئے اب تحقیق ہو گی۔ایف آئی اے بیرون ممالک کی تحقیقاتی ایجنسیوں سے معاونت لے گا۔ایف آئی اے ممالک کی کمپنیز و شخصیات بارے معلومات حاصل کرے گا۔
ایف آئی اے کے مطابق امریکن ایف بی آئی،برطانیہ و دیگر ممالک کے اداروں سے مدد لی جائے گی۔تحقیقات ابھی ریکارڈڈ اکاؤنٹس اکٹھے کرنے کے مرحلے میں ہے۔سینئر افسر ایف آئی اے کے مطابق دوسرے مرحلے میں معلومات کو یکجا کیا جائے گا۔عمران خان اور اسد عمر کو بھی اکاؤنٹس تفصیلات سے متعلق ایف آئی اے خط لکھے گا۔

دوسری جانب ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر نے فریق بننے کا فیصلہ کرلیا،اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کیلئے درخواست دائر کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ پی ٹی آئی کی اپیل پر کل سماعت کرے گا۔ اکبر ایس بابر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان نے جعلی بیان حلفی دیے جوثابت ہوگیا،پی ٹی آئی نے 8 سالوں سے جو حقائق چھپائے انہیں ہم نے بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا کیس ہے،میں نے جوالزامات لگائے وہ ثابت ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس پر سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور صدر بار شعیب شاہین ہائیکورٹ میں پیش ہوئے،تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دلائل دیئے اور کہا کہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روکا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں