یوم آزادی: جی ایچ کیو میں تقریب، مسلح افواج کا حفیظ جالندھری کو خراج تحسین

راولپنڈی، لاہور: (نیوز ڈیسک) یوم آزادی کی مناسبت سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) اور پاکستان آرمی کی مختلف فارمیشنز میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، قومی پرچم لہرایا گیا، ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں جبکہ مسلح افواج نے پاکستان کے قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا گیا جس میں پاکستان کی مسلح افواج کی طرف سے عظیم پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان، پاکستان زندہ باد۔

چلہانہ کیرن کیل کے مقامات پر پرچم کشائی کی گئی، سکاؤٹس کے چاک چوبند دستوں نے سلامی پیش کی، جشن آزادی کی تقریبات میں سول سوسائٹی طلباء نے شرکت کی، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔

لائن کنٹرول پر پاک فوج کے زیر اہتمام 14اگست یوم پاکستان جوش خروش سے منایا گیا، زیرو پوائنٹ پر پرچم کشائی کی گئی، سکاؤٹس کے چاک چوبند دستوں نے سلامی پیش کی، جشن آزادی کی تقریبات میں پاک فوج کے آفیسران جوانوں اور ضلعی انتظامیہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک رہی۔

اپرنیلم سے کیرن تک جشن آزادی ریلی نکالی گئی۔تقریب میں سکولز کے طلباء طالبات نے پروگرام پیش کئے ۔

ادھرمسلح افواج نے پاکستان کے قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا، پاکستان آرمی کے چاق و چوبند دستے نے حفیظ جالندھری کو لاہور میں اُن کے مزار پر سلامی پیش کی۔

واضح رہے کہ حفیظ جالندھری کے مزار پر سلامی صحیح معنوں میں قومی ترانے اور اس کے خالق کو ایک شاندارخراجِ تحسین ہے، یہ سلامی ایک ایسے دن پیش کی گئی ہے جب پاکستان کے قومی ترانے کو نئی جدتوں کے تحت ہم آہنگ کرکے لانچ کیا گیا، قومی ترانہ کسی بھی ملک کی عظمت اور وقار کی علامت ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں