رحیم یار خان؛ چینی سے بھرا ٹرک مسافر کوچ پر الٹ گیا‘ 13 افراد جاں بحق‘ 5 شدید زخمی

حادثہ سڑک پر سیوریج کی وجہ سے پڑنے والے گڑھوں کے باعث پیش آیا‘ مسافر کوچ کی چھت ٹرک اور چینی کی بوریوں کے نیچے آکر پچک گئی

رحیم یار خان ( نیوز ڈیسک) صوبہ پنجاب کے جنوب میں واقع شہر رحیم یار خان میں چینی سے بھرا ٹرک مسافر کوچ پر الٹ گیا‘ جس کے باعث 13 افراد جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں یہ حادثہ فیروزہ شہر میں اس وقت پیش آیا جب طوفانی بارش جاری تھی کہ اس دوران بہاولپور سے خان پور کی طرف آنے والی مسافر کوسٹر جب فیروزہ شہر پہنچی تو مخالف سمت سے آنے والا ٹرک جس پر چینی کی بوریاں لدی ہوئی تھیں سڑک پر سیوریج کی وجہ سے پڑنے والے گڑھوں کی وجہ سے مسافر کوچ پر الٹ گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اس افسوسناک حادثے اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی خان پور لیاقت پور سے امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، مقامی پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور کرین کی مدد سے ٹرک کو سیدھا کیا گیا تاہم مسافر کوچ کی چھت ٹرک اور چینی کی بوریوں کے نیچے آکر پچک گئی، جس کے باعث ریسکیو ٹیموں نے 13 مسافروں کی میتیں اور 5 زخمی افراد کو نکال کر فیروزہ ہسپتال منتقل کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ جائے وقوعہ پر پہنچے والے سسٹنٹ کمشنر لیاقت پور کی گاڑی پر مشتعل شہریوں نے پتھراؤ کیا اور موقف اختیار کیا کہ کئی سالوں سے فیروزہ شہر کے وسط میں شاہی روڈ کا 2 فرلانگ سڑک کا ٹکڑا سیوریج کی خرابی کے باعث ٹوٹا ہوا ہے جہاں آئے روز حادثات معمول ہیں اور اسی وجہ سے آج بڑا سانحہ پیش آگیا، اس حادثہ کی اصل ذمہ داری محکمہ پبلک ہیلتھ محکمہ ہائی وے اور اراکین اسمبلی پر عائد ہوتی ہے جن کی مجرمانہ غفلت کے باعث 13 قیمتی جانوں کا نقصان ہوا، وزیر اعلی پنجاب پرویز الہٰی فوری طور پر نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے علاوہ سڑک کی فوری تعمیر اور سیوریج لائن سے پڑنے والے گڑھوں کی درستگی کا کام کرائیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رحیم یار خان میں ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، ایوان صدر کی طرف سے جاری بیان سے معلوم ہوا کہ صدر مملکت نے جاں بحق افراد کی بلندی درجات کے لئے دعا کی ، جاں بحق ہونے والوں کےاہل خانہ سے تعزیت اور ان کے صبر جمیل کی دعا بھی کی جب کہ صدر مملکت نے حاد ثے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں