ملک گیر تحریک کا آغاز ہوچکا‘ حکومت چند ہفتوں کی مہمان ہے؛ فواد چوہدری

شہباز شریف کا انتخابات سے انکار ہر صورت میں اقتدار سے چمٹے رہنے کی خواہش کا عکاس ہے‘ کوئی بھی ذی ہوش شخص کرائم منسٹر کی حکومت کی تباہ کن معاشی پالیسیوں کی حمایت نہیں کر سکتا۔ پی ٹی آئی رہنماء کا ٹویٹ

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک گیر تحریک کا آغاز ہو چکا ہے ، اب یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے سربراہ شہباز شریف کا انتخابات سے انکار ہر صورت میں اقتدار سے چمٹے رہنے کی ان کی خواہش کا عکاس ہے، میثاق معیشت ایک احمقانہ خیال ہے کیوں کہ سیاسی جماعتیں سیاسی فریم ورک پر اکٹھی ہوتی ہیں معاشی فریم ورک صرف کمیونسٹ نظام میں ایک ہوتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کوئی بھی ذی ہوش شخص کرائم منسٹر کی حکومت کی تباہ کن معاشی پالیسیوں کی حمایت نہیں کر سکتا، گزشتہ رات لاکھوں لوگوں نے لاہور جلسے میں آزادی کے خواب کی تعبیر کو حقیقی آزادی ملنے تک نامکمل قرار دیا، ملک گیر تحریک کا آغاز ہو چکا ہے اور انشاءاللہ یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر عوام میں نکلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک گیر جلسوں کا اعلان کر دیا، لاہور کے ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، اگلے ہفتے پنڈی اورپھرکراچی میں جلسے کروں گا، زرداری بڑا لیٹرا ہے اس نے سندھ کی عوام کوغلام بنایا ہوا ہے، سندھ کے لوگوں میں آ رہا ہوں، پشاور، کوئٹہ، مردان، اٹک، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، جہلم، گجرات، فیصل آباد والو تیار ہو جاؤ، حقیقی آزادی کی جنگ آخری اورفیصلہ کن مرحلے میں ہے ۔
عمران خان نے حکمراں اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، ایازصادق، خواجہ آصف جیسے افواج پر تنقید کرنے والے چوہے ہمیں آج غدار کہہ رہے ہیں، یہ کمپین چلا رہے ہیں تحریک انصاف فوج کے خلاف ہے، سوشل میڈیا پر لوگوں کو پکڑ کر کہا جا رہا ہے عمران خان کے خلاف بیان دو، میری تنقید تعمیری ہوتی ہے جس طرح ایک باپ اپنے بچوں کی اصلاح کرتا ہے، جن کا پیسہ اورسب کچھ باہر وہ مجھے غدارکہہ رہے ہیں، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو فوج کے خلاف کھڑا کرنا ملک کے خلاف سب سے بڑی سازش ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے میں اپنے ملک کی فوج کو کمزور کروں، بیرون ملک سے اتنی سازشیں ہو رہی ہیں میں کبھی نہیں چاہوں گا فوج کمزور ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں