وطن عزیز کی ڈائمنڈ جوبلی پر 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یادگاری کرنسی نوٹ کے ڈیزائن کی ویڈیو شیئر کردی

کراچی ( نیوز ڈیسک ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے وطن عزیز کی ڈائمنڈ جوبلی پر 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کیا گیا ہے، اس یادگاری نوٹ پر قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، سر سید احمد خان اور فاطمہ جناح کی تصاویر ہیں، 75 روپے کا یہ یادگاری نوٹ ستمبر 2022ء کے آخری ہفتے میں عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔

اس حوالے سے مرکزی بینک نے کہا ہے کہ یادگاری نوٹ پر تصاویر تحریک پاکستان کی کوششوں کے اعتراف میں جاری کی گئی ہیں، یادگاری نوٹ کی پشت پر مارخور کی تصویر پائیدار ماحول پر توجہ کی عکاس ہے، اس نوٹ کا سبز رنگ نمو ترقی کی علامت کے ساتھ ملک کی اسلامی شناخت کو اجاگر کرتا ہے جب کہ سفید رنگ ملک کی کثیر مذہبی اقلیت کی ترجمانی کرتا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ملک کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، جس کی روشنی میں وفاقی کابینہ کیا جانب سے 75 روپے کے نوٹ کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں