آٹا، ٹماٹر، آلو، دالیں، لہسن، انڈے، دودھ، دہی، نمک، گڑ اور مٹن سمیت 26 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد:(کامرس ڈیسک) آٹا، ٹماٹر، آلو، دالیں، لہسن، انڈے، تازہ دودھ، دہی، نمک، گڑ اور مٹن سمیت 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ بات وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار جائزہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔

جاری کردہ رپورٹ کے تحت مہنگائی کی مجموعی شرح 37 اعشاریہ 68 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 0.08 فیصد کی معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے تحت ایک ہفتے کے دوران 26 اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے جب کہ 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جائزہ رپورٹ کے تحت ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 48 کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 1220.47 سے بڑھ کر 1220.95 روپے ہو گئی ہے۔

اعداد و شمار کے تحت ٹماٹر کی فی کلو قیمت 83 روپے سے بڑھ کر 91.49 روپے ہو گئی ہے جب کہ نمک، گڑ اور آلو کی فی کلو قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق دال مونگ فی کلو قیمت میں 6.5 اور دال مسور کی قیمت میں7 روپے کا اضافہ ہوا ہے جب کہ مٹن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافے کے بعد اس کی قیمت 1400 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

جائزہ رپورٹ کے تحت پیاز فی کلو 10 اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 30 روپے سستا ہوا ہے جب کہ اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ بھی 8 روپے سستا ہو گیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی سمیت 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کا رد و بدل نہیں ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں