جشن آزادی کے موقع پر آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ کل سے کوہاٹ میں شروع ہو گا

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) جشن آزادی کے موقع پر آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ (کل) اتوار سے کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس، کوہاٹ میں شروع ہو گا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کرک اور کوہاٹ وائٹ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجد خان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں کوہاٹ وائٹ، کرک، کوہاٹ گرین، چارسدہ اور ڑوب ، گروپ بی اسوا اکیڈمی اسلام آباد،ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، پوپو اکیڈمی اسلام آباد اور مسلم چمن،گروپ سی میں پشاور، بنوں، لنڈی کوتل، ہنگو اور لاہور جبکہ گروپ ڈی میں مسلم ہینڈ، ٹانک، میراں شاہ، چترال اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔ فٹ بال کوچ عبدالودود کو ٹورنامنٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مقابلے 21 اور 22 اگست کو، سیمی فائنل 23 اور 24 اگست کو جبکہ فائنل میچ 26 اگست کو کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں