بجلی 9 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی

اسلام آباد:(نیوز ڈیسک) مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا، بجلی 9 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی ہو گئی۔

نیپرا کی جانب سے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق قیمت میں اضافہ جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سی پی پی اے نے 9 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 28 جولائی 2022 کو عوامی سماعت کی تھی، اس کا اطلاق صرف اگست کے بلوں پر ہوگا۔

نوٹیفیکیشن فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔

کراچی والوں کے لیے بری خبر، بجلی 11 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی

اس سے قبل گزشتہ روز کراچی والوں کیلئے بری خبر سناتے ہوئے نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کی جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 11 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے۔

نیپرا اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کی بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ صارفین سے 2 ماہ میں وصول کی جائے گی، اگست میں صارفین سے 3 روپے 01 پیسہ فی یونٹ چارج کیا جائے گا،۔

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ ستمبر میں صارفین سے 8 روپے 09 پیسے فی یونٹ چارج کیا جائے گا، کے الیکٹرک نے 11 روپے 39 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں