آئی ایم ایف کی رکی قسط ملنے کے اثرات، امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی اداروں کی طرف سے اربوں ڈالر کی امداد ملنے والی یقین دہانی اور آئی ایم ایف کی رکی ہوئی قسط جلد ملنے کے اثرات روپے پر پڑنے لگے۔ امریکی ڈالر کی قدر میں مزید تنزلی دیکھی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 3 روپے 39 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 218 روپے 88 پیسے سے کم ہو کر 215 روپے 49 پیسے ہو گئی ہے۔

ڈالر بلند ترین سطح سے 24 روپے 15 پیسے سستا ہوچکا ہے، 28 جولائی کو انٹربینک میں ڈالر 239 روپے 94 پر تھا، ڈالر سستا ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 3129 ارب روپے کمی ریکارڈ کی گئی۔

اُدھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کمی دیکھی گئی اور نئی قیمت 214 روپے ہو گئی ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح سے 31 روپے سستا ہوچکا ہے، 28 جولائی کواوپن مارکیٹ میں ڈالر 245 روپے پر تھا۔

انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 57.36، اماراتی درہم 58.66، کویتی دینار 702.91، عمانی ریال 559.71 اور بحرینی دینار 571.63 روپے رہی۔ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت 262.29 روپے اور یورو کی قدر 221.80 روپے ریکارڈ کی گئی۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا تسلسل جاری ہے، 100 انڈیکس 614.24 پوائنٹس بڑھ کر 42857.57 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.45 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 18 کروڑ 5 لاکھ 6 ہزار 284 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں