لاہور ہاکی اسٹیڈیم سے ٹرف اکھاڑنے کی وجہ سامنے آ گئی

اکھاڑی گئی آسٹرو ٹرف کی معیاد 2019 میں ختم ہو چکی، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں نئی اور جدید ٹرف بچھائی جائے گی، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں نئی اور جدید ٹرف بچھائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی آسٹرو ٹرف اکھاڑنے کی وجہ سامنے آ گئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اکھاڑی گئی آسٹرو ٹرف کی معیاد 2019 میں ختم ہو چکی، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں نئی اور جدید ٹرف بچھائی جائے گی۔
آسٹرو ٹرف کو رواں سال مارچ یا اپریل میں اکھاڑنا تھا مگر نئی پی سی ون بنانے کی وجہ سے اگست میں اکھاڑی گئی۔ رواں سال ایف آئی ایچ کی منظور شدہ جدید ٹرف لاہور اسٹیڈیم میں بچھائی جائے گی، جدید آسٹرو ٹرف کی امپورٹ اور لگانے پر 15 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ دوسری جانب دنیا نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہورنے 13اگست کوپی ٹی آئی کوجلسہ کرنے کی اجازت کا تحریری اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔

ڈی سی لاہور کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ ہاکی اسٹیڈیم میں ہوگا،جبکہ جلسے میں سکیورٹی، انتظامی اور پارکنگ کی ذمہ داری پی ٹی آئی حکام پر عائد ہوگی۔ خواتین کی سکیورٹی اور انتظامات بھی پی ٹی آئی کرے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 13 اگست کے جلسے کے پیش نظر نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں لگی آسٹرو ٹرف گزشتہ روز اکھاڑنا شروع کر دی گئی تھی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں مزدور کو آسٹروٹرف ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ 13 اگست کو ہونے والے سیاسی اجتماع کیلئے دیگر تیاریاں زوروں پر تھیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تنقید شروع ہوئی تو متعلقہ حکام کی جانب سے جاری وضاحت میں بتایا گیا کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سے اکھاڑی جانے والی آسٹرو ٹرف ضائع نہیں کی جائے گی۔ لاہور کے ہاکی اسٹیڈیم سے اکھاڑی جانے والی آسٹرو ٹرف سرگودھا ہاکی اسٹیڈیم میں لگائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں