کل کا دن بالکل برا نہیں تھا، سچی بات یہ ہے کہ اب سلیکٹڈ کو پریشان ہونا چاہیے

لاہور (بیورو رپورٹ) لانگ مارچ ملتوی ہونے کے 24 گھنٹے بعد مریم نواز کا پہلا ٹوئٹ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے گزشتہ روز ہوئے پی ڈی ایم اجلاس کے بعد اب پہلا ٹوئٹ کیا گیا ہے۔ مریم نواز پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی ہونے کے بعد 24 گھنٹے تک خاموش رہیں۔ اب ان کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ میں پیپلز پارٹی کی طاقت ور حلقوں سے ہوئی مبینہ ڈیل کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا گیا ہے۔اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ کل کا دن کسی طرح سے بھی برا نہیں تھا۔ سچی بات یہ ہے کہ اب سلیکٹڈ کو فکر مند ہونا چاہیے۔ سلیکٹڈ کی طاقت کم ہو رہی ہے اور اس کا متبادل تیار کیا جا رہا ہے۔جبکہ مریم نواز نے گزشتہ روز پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پیپلزپارٹی جب تک ہمیں جواب نہیں دیتی، میں اس پر کوئی قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتی۔
آصف زرداری نے کہا کہ میاں نوازشریف آپ بھی آئیں ہم ملکر جدوجہد کرتے ہیں، میں نے انتہائی ادب سے کہا کہ میاں نوازشریف کو واپس لانا ان کی زندگی کو قاتلوں کے حوالے کرنے کے مترادف ہوگا، ن لیگی لیڈران اور کارکنان بھی نہیں چاہتے۔ ہمیں زندہ لیڈرچاہئیں، ہمیں لیڈرز کی لاشیں یا قتل نہیں چاہیے، میاں نوازشریف کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، اس ظالمانہ دور میں سب سے لمبی اور سخت جیل میاں نواز شریف نے کاٹی ہے، نوازشریف اپنی بیوی کو بستر مرگ پر چھوڑ پر ایک جھوٹے مقدمے میں جیل کاٹی ، ان کو ہارٹ اٹیک ہوئے پھر بھی بہادری سے جیل کاٹی ، جب ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہوئے تو حکومت کے ہاتھ پیر پھول گئے، پھر ان کو باہر بھیجا گیا، ابھی وہ مکمل صحت یاب نہیں ہوئے، مسلم لیگ ن کا ووٹ بینک کروڑوں میں ہے، کسی کو حق نہیں ان کو واپس بلانے کا، ان کی زندگی اللہ نے بچائی ہم نہیں چاہتے قاتلوں کے حوالے کردی جائے۔میں مسلم لیگ ن اور نوازشریف کا نمائندہ ہوں، جس کو نوازشریف سے بات کرنی ہے وہ پہلے مجھ سے بات کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں