مقام تبدیل، تحریک انصاف کا 13 اگست کو لاہور میں جلسے کا فیصلہ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کو ہونے والے جلسے کا مقام تبدیل کر دیا، اب یہ جلسہ اسلام آباد کی بجائے لاہور میں ہو گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 75 ویں یوم آزاد کا جشن لاہور میں منایا جائے گا، 13 اگست کا جلسہ اسلام آباد کی بجائے لاہور میں کیا جائے گا۔ جلسہ لاہور کے ہاکی گراؤنڈ میں ہو گا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اہم ٹاسک سونپتے ہوئے کہا ہے کہ جلسے کی کامیابی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں اور لاہور کی قیادت ڈور ٹو ڈور مہم بھی چلائے۔

13 اگست کو فسطائیت سے نمٹنے کے لیے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا: عمران

واضح رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں عمران خان نے لکھا تھا کہ یہ جانتے ہوئے بھی پیغمبر رسول ﷺ کے نواسے امام حسین ؑ راہ حق پر تھے اُس کے باوجود کوفہ کے لوگ یزید کے خوف سے حضرت امام حسینؑ کی مدد کو باہر نہ نکلے اور پھر اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ وقوع پزیر ہوا۔ ہر دور کا اپنا یزید ہوتا ہے، جو دراصل مجرموں کا برسر اقتدار گروہ ہے، آج کا یزید امریکی سازش سے حکومت میں لایا گیا، آج پاکستان یزیدیت کے نرغے میں ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا قوم خوف میں مبتلا ہوکر اس سازش کے سامنے سر جھکائیں گے یا کڑے امتحان میں کھڑے ہو کر اس کا سامنا کریں گے۔ 13 اگست کو میں حقیقی آزادی جلسے میں فسطائیت سے نمٹنے کے لیے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے بھی شر کت کی تھی۔ دوران اجلاس موجودہ سیاسی صورتحال، ارکان اسمبلی کے استعفوں اور عمران خان کے9 حلقوں میں ضمنی انتخابات سے متعلق قانونیامور کا جائزہ لیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی قانونی ٹیم نے عدالتوں میں دائر درخواستوں پر پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں حکومت مخالف جارحانہ حکمت عملی جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا 13 اگست کو حکومت مخالف وفاقی دارالحکومت میں بڑا جلسہ کیا جائے گا۔ میگا پاور شو میں ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ جلسے کے حوالے سے مرکزی قیادت سمیت دیگر ذمے داران کو بھرپور تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ پارٹی رہنماؤں کو ایک لاکھ افراد کو جلسے میں لانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کا حکومت کو الٹی میٹم

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ چند روز میں اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرینگے، اس میں حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ڈیڈ لائن دیں گے، حکومت کو زیادہ سے زیادہ اس کیلئے ایک ماہ سے زائد کا وقت نہیں دے سکتے عمران خان، تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن بہت جلدی میں ہے، جلسے میں حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ڈیڈ لائن دیں گے، اس حکومت کوزیادہ سے زیادہ انتخابات کا اعلان کرنے کے لیے ایک ماہ سے زائد کا وقت نہیں دے سکتے، اس سے زیادہ وقت دینے کا مقصد یہ ملک کی معیشت تباہ کردیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں