وزیراعلیٰ کی راولپنڈی رنگ روڈ، ایکسپریس وے پراجیکٹ جلد شروع کرنے کی ہدایت

لاہور: (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے راولپنڈی رنگ روڈ اور ایکسپریس وے پراجیکٹ جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی، ایکسپریس وے نالہ لئی پراجیکٹ میں 64 ارب روپے کی بچت کی جائے گی۔

چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ پراجیکٹس کی زد میں آنے والے غریب لوگوں کو گھر بنا کر دینے کی تجویز کا بھی جائزہ لیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔رنگ روڈ راولپنڈی اور نالہ لئی کے منصوبوں کا جائزہ لیاگیا ۔وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر میں سرکاری فنڈز کی بچت اور شفافیت کو مد نظر رکھا جائے۔ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ میں عوام کی سہولت پیش نظر رہنی چاہیئے۔رنگ روڈ سے ملحقہ اراضی مالکان کی بجائے صرف اور صرف عوامی مفادات کو ترجیح دی جائے۔

چودھری پرویز الٰہی نےمزید کہا کہ رنگ روڈ اور نالہ لئی کی تعمیر میں قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر آغاز کیا جائے۔راولپنڈی کے عوام کی سہولت کیلئے نالہ لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ کی جلد از جلد تعمیر یقینی بنائی جائے گی۔راولپنڈی کے عوام کو درپیش ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے دیگر سڑکوں کی تعمیر و توسیع بھی کی جائے گی۔

پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مری کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی کا پراجیکٹ روکنا مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔مری اور راولپنڈی کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کا پراجیکٹ بھی لا رہے ہیں۔وزیر اعلی کو بریف کیا گیا کہ نالہ لئی ایکسپریس وے کو 110 ارب کی بجائے صرف 46 ارب میں بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں